ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی زیر تعمیر اسپتال سے تانبے کے پائپ چرانے والے 2 ملزمین گرفتار

اڈپی زیر تعمیر اسپتال سے تانبے کے پائپ چرانے والے 2 ملزمین گرفتار

Thu, 14 Aug 2025 13:11:26    S O News

اُڈپی 14/ اگست (ایس او نیوز) اُڈپی ٹاؤن پولیس کی ٹیم نے اجرکاڈ میں زیر تعمیر سرکاری اسپتال کی عمارت سے لاکھوں مالیت کے تانبے کے پائپ اور فٹنگز کی چوری کے معاملے میں دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے ۔
  
پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آکسیجن پائپ لائن کی تنصیب کے لیے اسٹور روم میں رکھے تانبے کے پائپ، فٹنگز اور پرانے تانبے کی پٹیاں غائب ہو گئی تھیں ۔ اس تعلق سے شکایت ملنے کے بعد اُڈپی ٹاؤن پولس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ۔
   
اس معاملے کی تفتیش کرنے پر اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے انکشاف ہوا کہ 20 جولائی 2025 کو لیاقت نامی ایک شخص اور اس کے ایک اور ساتھی نے تقریباً 8 لاکھ روپے  مالیت کا مذکورہ سامان ایک کار میں لاد کر فرار ہو گئے ہیں ۔ 
   
ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اُڈپی ٹاؤن پولیس انسپکٹر منجوناتھ وی بڈیگر کی قیادت میں پولیس کی ایک خصوصی ٹیم  نے 12 اگست کو شیموگہ شہر سے دو ملزمین کو گرفتار کیا جن کی شناخت محمد جاوید (29) ساکن ودیا نگر، بنگلورو اور سید دادا پیر عرف لیاقت (28) ساکن پارک محلہ سرا ٹاؤن، ٹماکورو ضلع کے طور پر کی گئی ہے ۔
  
پولیس نے 2,81,000 روپئے مالیت کے مسروقہ تانبے کے پائپ کے ٹکڑوں کے ساتھ ماروتی سوئفٹ ڈیزائر کار اور چوری کی واردات کو انجام دینے میں استعمال ہونے والی ایکسل موپیڈ دو پہیہ گاڑی برآمد کی ہے ۔ بازیافت شدہ مال کی کل مالیت کا تخمینہ 6,31,500 روپے لگایا گیا ہے ۔  

یہ کارروائی اُڈپی ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ہری رام شنکر کی ہدایت اور ایڈیشنل ایس پی سدھاکر نائک اور ڈی وائی ایس پی ڈی ٹی پربھو کی رہنمائی میں انجام دی گئی ۔


Share: