بھٹکل ،16 / جون (ایس او نیوز) بھٹکل تحصیلدار دفتر کے کنٹرول روم کو کسی نے فون پر اطلاع دی کہ وینکٹاپور ندی کنارے ایک شخص کو قتل کرکے اس کی لاش وہاں پھینکی گئی ہے ۔ فون موصول ہوتے ہی تحصیلدار ناگیندرا کولاشیٹی حرکت میں آ گئے اور ریوینیو اہلکاروں کے علاوہ دیہی پولیس اسٹیشن کے عملے اور 112 وین کے ساتھ متعلقہ علاقے میں پہنچ گئے ۔
موقع پر پہنچے ہوئے افسران اور اہلکاروں نے پورے علاقے کی تلاشی لی مگر کہیں بھی کوئی لاش نظر نہیں آئی ۔ بالآخر پوری طرح چھان بین کرنے کے بعد پولیس اور ریوینیو افسران کو یقین ہوگیا کہ یہ ایک جھوٹی اور گمراہ کن خبر تھی اور یہ فون کال کسی نے خواہ مخواہ افسران کو پریشان کرنے کے مقصدسے کیا تھا ۔
تحصیلدار ناگیندرا نے بتایا کہ فون کرنے والے شخص نے قتل کیے گئے شخص کی لاش وینکٹاپور ندی کے کنارے پائے جانے کی خبر دینے کے ساتھ اپنا فون کاٹ دیا ۔ اس وجہ سے فون کرنے والے کا نام پوچھنے یا شناخت معلوم کرنے کی مہلت نہیں ملی ۔ اب جبکہ یہ ثابت ہوگیا ہے یہ ایک جھوٹی خبر تھی ، اس لئے ہم لوگ فون کرنے والے نامعلوم شخص کا پتہ لگانے کی کارروائی کر رہے ہیں ۔