کاروار، 3 جون (ایس او ن نیوز) مانسون سے قبل کی بارشوں اور مانسون کے آغاز کے سبب سمندر اور دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں بڑی لہریں اُٹھ رہی ہیں اور ندیاں خطرناک رفتار سے بہہ رہی ہیں۔ سیاحوں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے اُتر کنڑا ضلع کے سمندری علاقوں، دریاؤں اور ان کے کناروں پر سیاحتی بوٹنگ اور آبی کھیلوں کی سرگرمیوں پر 30 ستمبر 2025 تک مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس بات کی اطلاع ضلع کی ڈپٹی کمشنر محترمہ کے۔ لکشمی پریا نے دی ۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ 30 ستمبر کے بعد بوٹنگ سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کرنے کے سلسلے میں مناسب ہدایات جاری کی جائیں گی۔ اگر کوئی شخص یا ادارہ اس پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر مجاز طور پر بوٹنگ کی سرگرمیاں انجام دیتا ہے تو اس کو دی گئی اجازت منسوخ کر دی جائے گی اور متعلقہ بوٹ مالک کو بلیک لسٹ میں شامل کیا جائے گا۔ اہم سمندری اور ندی کناروں پر پولیس کی جانب سے حفاظتی گشت کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔
دریں اثنا، ضلع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ انکولہ، بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، سرسی اور دیگر علاقوں میں درمیانی درجے سے تیز بارش ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند دنوں میں مزید بارش کا امکان ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے عوام سے احتیاط برتنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کی اپیل کی ہے۔