منگلورو، 12 جون (ایس او نیوز): کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر یو ٹی قادر نے دکشن کنڑا ضلع میں پیش آئے حالیہ فرقہ وارانہ واقعات کے پس منظر میں منگلورو کے سابق پولیس کمشنر اور ایس پی کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے ان کے خلاف اعلیٰ سطحی اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ریاستی وزیر داخلہ کو ایک باضابطہ خط روانہ کیا ہے۔
یو ٹی قادر نے مطالبہ کیا کہ ان افسران کی ذمہ داری، غفلت یا جانبداری کا جائزہ ریاستی سطح پر نہیں بلکہ سپریم سطح کے افسران اور اداروں کی نگرانی میں لیا جائے تاکہ انصاف اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
منگل کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر یو ٹی قادر نے انکشاف کیا کہ ضلع میں پچھلے دنوں جو فرقہ وارانہ کشیدگیاں پیدا ہوئیں، ان میں اشتعال انگیز تقاریر اور سوشیل میڈیا پر نفرت پھیلانے والے پیغامات کا بڑا ہاتھ رہا، لیکن اس وقت کے پولیس افسران نے اس پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی، جبکہ دیگر علاقوں میں اسی نوعیت کے معاملات پر سختی سے قانون نافذ کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کا نفاذ یکساں ہونا چاہیے، نہ کہ مخصوص افراد یا گروہوں کے لیے الگ اور عام عوام کے لیے الگ۔ قادر نے اس بات پر زور دیا کہ صرف محکمہ جاتی تحقیقات کافی نہیں، بلکہ نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن یا کسی خودمختار اعلیٰ ادارے کی نگرانی میں بین الاافسرانہ اور غیر جانب دارانہ تحقیقات وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یو ٹی قادر کے اس مطالبے کو ریاستی سطح پر سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی اس سلسلے میں کوئی قدم اٹھایا جائے گا۔