بیلتنگڈی ، 2 / ستمبر (ایس او نیوز) خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے دھرمستھلا میں مبینہ طور پر متعدد لاشیں دفنانے والے کیس کی تحقیقات کے دوسرے مرحلے کو تیز کر دیا ہے جس میں کلیدی ملزم چنّیّا کی نقل و حرکت پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔
یکم ستمبر کی شام کو ایس آئی ٹی نے اُوجیرے سے تقریباً 1.5 کلومیٹر دور ایک ہوٹل پر چھاپہ مارا جہاں خیال کیا جاتا ہے کہ چنّیا نے چھ ماہ پہلے قیام کیا تھا ۔ تفتیشی ٹیم کے افسران نے کمرے کے رجسٹر کی جانچ کی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کو اپنے قبضے میں لیا ۔
ریکارڈ کی جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ چنّیا نے ہوٹل میں ایک دن گزارا تھا اور گریش مٹناور، جینت ٹی اور وٹل گوڑا کے ساتھ بات چیت کی تھی ۔ ایس آئی ٹی نے مزید تفتیش کے لیے ہوٹل کے ریکارڈ کو سیل کر دیا ہے اور اس عرصے سے چنّیا کی نقل و حرکت کی ترتیب کا نقشہ بنانا شروع کیا ہے، جس میں مہیش شیٹی تھیمارودی کی رہائش گاہ پر قیام بھی شامل ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چنّیا ہوٹل میں زیادہ دن تک مقیم رہنے کی صورت میں لوگوں کی نظروں میں آنے کے خوف سے وہاں شفٹ ہو گیا تھا ۔
ایس آئی ٹی نے پہلے ہی مہیش شیٹی تھیمارودی، ان کے بھائی، اور بنگلورو میں جینت ٹی کے گھروں کی تلاشی لی ہے ۔ کئی دستاویزات ضبط کیے ہیں ۔ تفتیش کار اب کیس کی ایک جامع تصویر بنانے کے لیے ان ریکارڈس کو اکٹھا کر رہے ہیں ۔
خیال رہے کہ چنّیا کی پولیس حراست مدت 3 ستمبر کو ختم ہو رہی جس کی وجہ سے کل اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔جس کے دوران ایس آئی ٹی تحقیقات میں ہوئی اب تک کی پیش رفت کی تفصیلات عدالت کے سامنے پیش کرے گی ۔ ایس آئی ٹی کی جانب سے مزید پوچھ گچھ کے لیے چنّیا کی پولیس کسٹڈی کی مدت میں توسیع کی درخواست پیش کیے جانے کی توقع ہے ۔
ایس آئی ٹی اس بات کی بھی جانچ کر رہی ہے کہ کیا ملزم نے تقریباً ایک سال قبل ہی مبینہ جرم انجام دی گئی جگہوں کی نشاندہی کر لی تھی ۔ مہیش شیٹی تھیمارودی، گریش مٹناور اور جینت ٹی کے اعترافی بیانات کی بنیاد پر تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ چنّیا کو رات کے وقت جنگل کے علاقے میں تدفین کے لیے جگہوں پر تلاش کرنے کے لیے لایا گیا تھا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ ملزمان نے ان مقامات کو یاد رکھنے کے لیے درختوں اور دیگر نشانیوں کا استعمال کیا ۔