منگلورو، 3 / جون (ایس او نیوز) آر ایس ایس کلڈکا پربھاکر بھٹ کے اشتعال انگیز بیان پر کارروائی کرتے ہوئے بنٹوال دیہی پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ۔ لیکن پتہ چلا ہے کہ کرناٹکا ہائی کورٹ نے بھٹ کو عبوری راحت دیتے ہوئے اس کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی پر روک لگادی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایس پی ڈاکٹر ارون نے بتایا کہ منگلورو میں سُہاس شیٹی نامی راوڈی شیٹر کے قتل کے بعد اس کے لئے 12 مئی کو بنٹوال دیہی پولیس اسٹیشن کے حدود میں منعقدہ شردھانجلی پروگرام میں تقریباً 500 سے زائد حاضرین کے سامنے کلڈکا پربھاکر بھٹ نے اشتعال انگیز تقریر کی تھی، جو سماج میں گروہی تفریق اور عداوت پیدا کرنے جیسی تھی ۔ اس قسم کے خطاب سے ضلع کے امن و امان کو خطرہ لاحق رہنے کی بنیاد پر کلڈکا پربھاکر بھٹ کے خلاف بی این ایس قانون کی دفعہ 352(2) کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے ۔
ہائی کورٹ نے کارروائی پر لگائی روک :اشتعال انگیز تقریر کے پس منظر میں پولیس کی طرف سے درج کیے گئے معاملے پر کرناٹکا ہائی کورٹ نے کلڈکا پربھاکر بھٹ کو عبوری راحت دیتے ہوئے پولیس کو کسی سخت قسم کی کارروائی سے روک دیا ہے ۔
پربھاکر بھٹ اور شریکانت شیٹی نے اپنے خلاف درج ایف آئی آر کو رد کروانے کے لئے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا ۔ جسٹس کرشنا کپور کی سنگل بینچ نے درخواست گزار کے وکیل سینئر ایڈوکیٹ ارون شیام کی دلیلوں کو سننے کے بعد اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پولیس کی تفتیش میں درخواست گزار کو پوری طرح تعاون کرنا ہوگا، ہائی کورٹ کی اجازت کے بغیر پولیس چارج شیٹ داخل نہیں کرے گی اور درخواست گزار کے خلاف کوئی کٹھن کارروائی نہیں ہوگی ۔