ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : پولیس کے شکنجے میں پھنسا ایک اور مہا دھوکے باز - قرضہ دلانے کے نام پر کروڑوں روپے لوٹ کر عیش کرنے والا روشن سلڈانہ

منگلورو : پولیس کے شکنجے میں پھنسا ایک اور مہا دھوکے باز - قرضہ دلانے کے نام پر کروڑوں روپے لوٹ کر عیش کرنے والا روشن سلڈانہ

Sun, 20 Jul 2025 14:21:44    S O News

منگلورو 20 / جولائی (ایس او نیوز) ملک بھر میں مختلف تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کروڑوں روپے کا قرضہ دلانے کے نام پر کروڑ ہا کروڑ روپے لوٹنے اور شاہانہ عیش و عشرت کی زندگی گزارنے والے ملزم روشن سلڈانہ (43 سال) کو پولیس نے منگلورو میں واقع اس کی عالیشان کوٹھی سے گرفتار کر لیا ۔

roshan-saldhana

    ملزم روشن سلڈانہ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس نے زمین خریدنے یا کوئی بہت بڑا اثاثہ خریدنے کے لئے کم شرح سود پر کروڑوں روپوں کا قرضہ دلانے کی پیش کش کرتا تھا ۔ پھر اپنے شکار سے اسٹامپ ڈیوٹی اور دیگر اخراجات کے بہانے کروڑوں روپوں کا چونا لگانے کے بعد لاپتہ ہوجاتا تھا ۔

    جب اس دھوکے باز کو گرفتار کرنے کے لئے اس کے بنگلے پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں کی سونے کے رنگ میں جگمگاتے ساز و سامان، بنگلے کی آرائش و زیبائش اور عیش و نشاط کے انتظامات دیکھ کر پولیس کے ہوش اڑ گئے ۔ ایک طرف انتہائی قیمتی شراب کی بوتلوں سے بھرا ہوا بار تھا جس میں لاکھوں روپے مالیت کی شراب موجود تھی ۔ دوسری طرف سونے کے رنگ میں جگ مگ کرتی مورتیاں اور کلاکاری کے نمونے دیوار پر آویزاں تھے ۔ تیسری طرف  دھوکہ دہی کا شکار ہوئے افراد کی پکڑ سے بچنے کے لئے بنائے گئے خصوصی خفیہ کمرے اس کی عیاشی اور مکاری کی کہانی سنا رہے تھے ۔  

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس بنگلے کے پورے احاطے میں سی سی ٹی کیمرے لگے ہوئے تھے اور ملزم روشن سلڈانہ اس کے بنگلے کی طرف آنے والے کسی بھی شخص پر شبہ ہونے کی صورت میں دیوار میں الماری جیسے نظر آنے والے خفیہ دروازوں سے گزر کر تہہ خانے میں چھپ جاتا تھا ۔ وہ اپنے بنگلے کا گیٹ ریموٹ کنڑول سے کھولتا تھا اس لئے پولیس نے گیٹ کو پھلانگ اس کے بنگلے میں گھسنے کا راستہ اپنایا ۔ 

    جس وقت پولیس نے آدھی رات کو چھاپہ مارا تو ملزم اپنے بنگلے کے بار میں شراب پی رہا تھا ۔ پولیس کی آہٹ پر وہ وہاں سے غائب ہوگیا ۔ جب پولیس اندر پہنچی تو وہاں صرف ایک ملیشیائی لڑکی موجود تھی اور اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ گھر میں اکیلی ہے ۔ لیکن ملزم سلڈانہ بار میں جس جگہ شراب پی رہا تھا وہاں پر گلاس میں موجود  شراب دیکھ کر پولیس کو یقین ہوگیا کہ ملزم گھر کے اندر ہی کہیں پر موجود ہے ۔ اسی ثبوت کی بنیاد پر پولیس نے گہری تلاشی لی تو بنگلے کے اندر کپڑوں کی الماری میں بنے ہوئے  خفیہ دروازے اور وہاں سے نکلنے پر سامنے آنے والے کمرے کا پتہ چلا ۔ اس طرح اس مہا دھوکے باز کو گرفتار کرنے میں پولیس کامیاب ہوگئی ۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران سلڈانہ کی غیر قانونی سرگرمیوں کی نشاندہی کرنے والے دستاویزات، 2.75 کروڑ روپے مالیت کی ہیرے کی انگوٹھی اور سونے کے زیورات ضبط کیے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ اس کے بینک کھاتوں کے معائنے سے تقریباً چالیس کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کے اشارے ملے ہیں ۔ 


Share: