ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بلدی اداروں کے اراکین کی میعاد میں کٹوتی - اضافی میعاد کا مطالبہ - عدالت نے دیا اسٹے

بلدی اداروں کے اراکین کی میعاد میں کٹوتی - اضافی میعاد کا مطالبہ - عدالت نے دیا اسٹے

Sat, 20 Sep 2025 11:27:40    S O News

کاروار ، 20 / ستمبر (ایس او نیوز) مقامی بلدی اداروں کی دوسری نصف میقات کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے بر وقت عہدیداروں کے انتخابات منعقد نہ کرنے سے اراکین کی کُل میعادِ کار میں تقریباً 16 مہینوں کی کٹوتی ہوئی ہے ، جس کے خلاف بعض مقامی بلدی اداروں کے اراکین نے عدالت سے اسٹے حاصل  کیا ہے ۔
    
ریاست کے جملہ 188 مقامی بلدی اداروں کی دوسری میقات میں عہدیداروں کا انتخاب نہ ہونے کی وجہ سے جملہ 30 مہینوں کی میعادِ کار میں سے 14 مہینے یہ بلدی ادارے ایڈمنسٹریٹر کے زیر انتظام رہے اور منتخب نمائندوں کو انتظامی عمل دخل سے دور رہنا پڑا ۔ اسی بنیاد پر بعض بلدی اداروں کے منتخب نمائندوں نے عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تیس مہینوں کی میعاد پوری ہونے تک موجودہ عہدیداران اور باڈی کو برقرار رکھا جائے ۔
    
خیال رہے کہ یکم نومبر 2020 سے یکم مئی 2023 تک 30 مہینوں کی پہلی نصف میعاد کے لئے عہدیداروں نے اقتدار سنبھالا تھا ۔ دوسری میعاد کے لئے صدور اور نائب صدور کے انتخابات کے سلسلے میں الجھن اور مسائل پیدا ہونے کی وجہ سے مئی 2023 سے 17 اگست 2024 تک 16 مہینوں کا عرصہ ان بلدی اداروں کا انتظام و انصرام ایڈمنسٹریٹرز کے ہاتھوں میں رہا اور منتخب نمائندے عملی طور پر بے دخل رہے ۔ اس کے بعد 19 اگست 2024 کو حکومت کی طرف سے عہدیداروں کے ریزرویشن کا اعلان ہونے کے بعد انتخابات ہوئے اور دوسری میقات کے لئے تیس مہینوں کے دورانیے میں سے منتخب نمائندوں کے حصے میں صرف 14 مہینے آئے ، کیونکہ  سرکاری طور پر یکم نومبر 2025 کو بلدی اداروں کی جاری میعاد ختم ہو رہی ہے ۔ 
    
معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 27 جنوری 2025 کو حکومت کے چیف سیکریٹری کو بھیجے گئے مراسلے میں واضح کیا تھا کہ جن مقامی بلدی اداروں کی میقات ختم ہو رہی ہے ان کے لئے ریزرویشن مقرر کرتے ہوئے اس کی تفصیلات کیمشن کو سونپی جائیں ۔ 
    
چونکہ اب بعض بلدی اداروں کے منتخب نمائندوں نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے اور اسٹے حاصل کیا ہے ، اس پس منظر میں  یہ کہنا مشکل ہے کہ اس مرتبہ سرکاری حساب سے میعاد ختم ہوتے ہی بلدی اداروں کے انتخابات ہونگے یا موجودہ باڈی کو ہی آگے بڑھاتے ہوئے میعاد مکمل کرنے کا موقع دیا جائے گا ۔ 


Share: