ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : بھٹکل سمیت اتر کنڑا کے کئی تعلقوں میں کل پیر کو زوردار بارش کی پیش گوئی؛ اسکولوں میں چھٹی کا اعلان

کاروار : بھٹکل سمیت اتر کنڑا کے کئی تعلقوں میں کل پیر کو زوردار بارش کی پیش گوئی؛ اسکولوں میں چھٹی کا اعلان

Sun, 17 Aug 2025 19:32:50    S O News

کاروار ،17/ اگست (ایس او نیوز)بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا میں آج اتوار کو پورا دن موسلادھار بارش اور ساحلی اضلاع میں اورینج الرٹ جاری کرنے کے بعد کل بارش کی شدت میں مزید ضافے کی خبر دی گئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے 17 اگست سے 19 اگست تک تیز ہواوں کے ساتھ طوفانی بارش کاانتباہ دیتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے اس پس منظر میں اتر کنڑا کی  ڈپٹی کمشنر نے کل 18 اگست بروزپیر کو بھٹکل سمیت کئی علاقوں میں آنگن واڑی، پرائمری اور ہائی اسکولوں کے علاوہ پی یو کالج کے طلبہ کے لئے بھی چھٹی کا اعلان کیا ہے ۔
    
ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق خراب موسم کے دوران بچوں کی حفاظت کے پیش نظر اتر کنڑا ضلع کے ساحلی علاقے کاروار، انکولہ، کمٹہ، ہوناور، بھٹکل کے علاوہ سرسی، سداپور، یلاپور، جوئیڈا اور ڈانڈیلی تعلقہ جات میں مذکورہ بالا تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔ ریلیز میں وضاحت کی گئی ہے کہ یہ حکم صرف کل یعنی 18 اگست کے لئے ہی لاگو ہوگا اور مذکورہ بالا تمام تعلیمی اداروں کو سختی کے ساتھ اس پر عمل کرنا ہوگا۔ 
    
دوسری طرف ڈپٹی کمشنر نے محکمہ موسمیات کی جانب سے 19 اگست تک کے لئے جاری کیے گئے  ریڈ الرٹ کے پس منظر میں اپیل کی ہے کہ اس عرصے میں عوام ، بچے اور سیاح سمندری علاقوں، ندیوں اور دریاوں کے کناروں سے دور رہیں ۔ مچھلیوں کے شکار کے لئے ماہی گیر سمندروں اور دریاوں میں ہرگز نہ اتریں ۔ ندیوں کے کناروں پر بسنے والے افراد اچانک سیلاب آنے کا خدشہ محسوس ہوتے ہی محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں ۔ 


Share: