ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں بارش میں کمی؛ دو سالہ بچی نالے میں گر کر جاں بحق ہونے کی خبر؛ مینگلور میں موسلا دھار بارش کے بعد کئی سڑکیں تالاب میں تبدیل

بھٹکل میں بارش میں کمی؛ دو سالہ بچی نالے میں گر کر جاں بحق ہونے کی خبر؛ مینگلور میں موسلا دھار بارش کے بعد کئی سڑکیں تالاب میں تبدیل

Sat, 14 Jun 2025 21:03:03    S O News
بھٹکل میں بارش میں کمی؛ دو سالہ بچی نالے میں گر کر جاں بحق ہونے کی خبر؛  مینگلور میں موسلا دھار بارش کے بعد کئی سڑکیں تالاب میں تبدیل

بھٹکل، 14 جون (ایس او نیوز): محکمہ موسمیات کی جانب سے ساحلی کرناٹک کے اضلاع  اُترکنڑا، اُڈپی اور دکشن کنڑا میں شدید بارش کی پیش گوئی کے بعد ریڈ الرٹ جاری کیا گیا تھا، تاہم بھٹکل سمیت  اُترکنڑا  اور پڑوسی ضلع اُڈپی  میں جمعہ کے بعد آج  ہفتہ کے روز بھی بارش میں قدرے کمی دیکھی گئی، جس سے عوام کو کچھ حد تک راحت ملی۔

اس دوران بھٹکل تعلقہ کے جالی پٹن پنچایت حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں سنیچر کی دوپہر ایک دو سالہ بچی کے پانی کے نالے میں گرنے سے جاں بحق ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ بچی گھر کےباہر نالے کے قریب  ٹہل رہی تھی کہ سیدھا پانی سے بھرے نالے میں جا گری۔ مقامی افراد نے فوری طور پر اہل خانہ کو اطلاع دی، جس کے بعد بچی کو قریبی اسپتال لے جایا گیا، مگر بدقسمتی سے وہ جانبر نہ ہو سکی۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔

واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس کے بعد عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ برسات کے موسم میں اپنے بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں تنہا باہر نہ جانے دیں۔

ضلع اُترکنڑا کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں (جمعہ صبح آٹھ بجے سے سنیچر صبح آٹھ بجے تک) کے دوران درج کی گئی بارش کی پیمائش کچھ یوں رہی: کمٹہ 59 ملی میٹر، ہوناور 53.9 ملی میٹر، انکولہ 39.4 ملی میٹر، بھٹکل 36.9 ملی میٹر، کاروار 31.3 ملی میٹر، سداپور 31.2 ملی میٹر، سرسی 23.6 ملی میٹر، ہلیال 2.8 ملی میٹر، مُنڈگود 1.5 ملی میٹر، سوپا 14.1 ملی میٹر، یلاپور 5.5 ملی میٹر اور ڈانڈیلی میں 5.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مینگلور میں شدید بارش کے بعد سڑکیں زیرِ آب

ادھر مینگلور میں دو روز کی راحت کے بعد ہفتہ کی دوپہر کو اچانک زوردار بارش شروع ہوئی، جس کے نتیجے میں شہر کے متعدد علاقے زیرِ آب آ گئے۔ پمپ ویل سرکل، کوٹارا چوکی، پڈیل، کوڈیل بیل اور دیگر علاقوں میں سڑکیں پانی سے لبریز ہو گئیں۔ خاص طور پر پڈیل ریلوے انڈر پاس میں پانی بھرنے سے ٹریفک کی آمدورفت میں شدید خلل واقع ہوا۔

پمپ ویل سرکل میں پانی جمع ہونے کے باعث ارد گرد کی سڑکوں پر گاڑیوں کی روانی تقریباً ایک گھنٹے تک بند رہی، جس کے نتیجے میں زبردست ٹریفک جام دیکھنے کو ملا۔ اسی طرح ایکّور اور جپّیناموگارو جیسے نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے کے سبب مقامی رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شہر کی کئی سڑکیں عارضی تالاب میں تبدیل ہو گئیں، جس کے باعث گاڑی سواروں کو بارش کے پانی سے بھرے راستوں سے گزرنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


Share: