دہرادون، 16/ جولائی (ایس او نیوز): کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی جمعہ کواترا کھنڈ کے دارالحکومت دہرادون میں منعقد ہونے والے "چھاتروں کی گونج" پروگرام میں طلبہ اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے نوجوانوں سے براہِ راست مکالمہ کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس کی ملک گیر مہم کے تحت منعقد ہونے والے اس پروگرام کو نوجوانوں، تعلیم، بے روزگاری اور امتحانی نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف پارٹی کی اہم سیاسی مہم قرار دیا جا رہا ہے۔
پروگرام سے قبل راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں اتراکھنڈ کو اس تقریب کے لیے منتخب کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے الزام لگایا کہ "دیوبھومی کو پیپر لیک کا ایپی سینٹر بنا دیا گیا ہے۔" ان کا کہنا تھا کہ ریاست میں سرکاری ملازمتوں کی بھرتیوں کا نظام اس حد تک متاثر ہو چکا ہے کہ پٹواری، لیکھ پال اور دیگر عہدے قابلیت کے بجائے مبینہ طور پر طے شدہ رشوت کے ذریعے حاصل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف "پیپر لیک" نہیں بلکہ لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل کی "چوری" ہے۔
کانگریس کے مطابق راہل گاندھی پروگرام کے دوران طلبہ کے سوالات کے جواب دیں گے اور تعلیم، روزگار، اعلیٰ تعلیم، مسابقتی امتحانات، سرکاری بھرتیوں میں شفافیت اور نوجوانوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کریں گے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد نوجوانوں کی آواز کو قومی سطح پر اجاگر کرنا اور امتحانی نظام میں اصلاحات کے لیے عوامی دباؤ پیدا کرنا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق دہرادون کا انتخاب محض اتفاق نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی سیاسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اتراکھنڈ میں گزشتہ چند برسوں کے دوران مختلف بھرتی امتحانات، خصوصاً یو کے ایس ایس ایس سی (UKSSSC) پیپر لیک معاملہ، ریاست کی سیاست کا بڑا موضوع رہا ہے۔ کانگریس اسی مسئلے کو بنیاد بنا کر نوجوان ووٹروں سے رابطہ مضبوط کرنا چاہتی ہے، جبکہ 2027 کے اسمبلی انتخابات سے قبل عوامی رائے کا اندازہ لگانے کی کوشش بھی اس مہم کا حصہ سمجھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پروگرام کے مقام کو لے کر بھی سیاسی تنازع کھڑا ہو گیا۔ دہرادون کے پریڈ گراؤنڈ میں تقریب کی اجازت انتظامیہ نے آخری وقت میں واپس لے لی، جس کے بعد کانگریس نے اسے سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔ بعد ازاں پروگرام کو شہر کے بنّو اسکول گراؤنڈ منتقل کر دیا گیا، جہاں پارٹی نے اپنی تیاریاں مکمل کر لیں۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ پریڈ گراؤنڈ پر پہلے سے ایک سرکاری تقریب جاری ہونے کے باعث اجازت واپس لی گئی، جبکہ کانگریس کا الزام ہے کہ بی جے پی حکومت راہل گاندھی کے پروگرام سے خوفزدہ ہے۔
قومی میڈیا کے مطابق "چھاتروں کی گونج" مہم کا آغاز راجستھان کے کوٹا سے کیا گیا تھا، جسے اب ملک گیر مہم کی شکل دی جا رہی ہے۔ کانگریس اس مہم کے ذریعے امتحانی بے ضابطگیوں، بے روزگاری، مہنگی تعلیم اور نوجوانوں سے متعلق دیگر مسائل کو قومی سیاسی ایجنڈے میں نمایاں کرنا چاہتی ہے۔ پارٹی کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس اس مہم میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں۔
اب سیاسی حلقوں کی نظریں راہل گاندھی کے خطاب پر مرکوز ہیں، جہاں ان کی جانب سے امتحانی اصلاحات، نوجوانوں کے روزگار اور تعلیمی نظام سے متعلق اہم سیاسی پیغام یا ممکنہ اعلانات کی توقع کی جا رہی ہے۔