ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو میں چلتی کار شعلوں میں گھر گئی - چاروں مسافر رہے محفوظ

منگلورو میں چلتی کار شعلوں میں گھر گئی - چاروں مسافر رہے محفوظ

Thu, 02 Jan 2025 11:51:12  Office Staff   S.O. News Service

منگلورو، 2 / جنوری (ایس او نیوز) شہر کی سڑکوں پر چلتی موٹر گاڑیوں میں آگ لگنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اس میں تازہ اضافہ کل شام پیش آئے ہوئے حادثے سے ہوا ۔ جس میں سڑک پر دوڑتی ہوئی ایک واکس ویگن کار میں اچانک آگ بھڑکی  اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری کار شعلوں میں گھر گئی ، جبکہ اس میں سفر کر رہے چاروں مسافر کسی بھی قسم کے جسمانی نقصان سے محفوظ رہے ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ آتشزدگی کا شکار ہونے والی کار میری ہِل علاقے میں ہیلی پیڈ کی جانب جانے والی سڑک پر سفر کر رہی  تھی ۔ اس دوران کار میں موجود افراد نے دیکھا کہ کار کے اگلے حصے سے شعلے نکل رہے ہیں ۔ ڈرائَیور نے فوری طور پر کار روک دی اور چاروں مسافر کار سے بحفاظت باہر نکل آئے ۔ مقامی لوگوں نے پانی انڈیل کر آگ بجھانے کی کوشش کی ۔ اسی کے ساتھ کدری فائر سروس کے عملے نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پا لیا ۔ کار کا انجن پوری طرح جل کر تباہ ہوگیا ۔
    
خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر سے امسال دسمبر تک شہر کے مختلف علاقوں میں سڑک پر دوڑتی گاڑیوں میں آگ لگنے کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں ۔ جیسے کہ 5 ستمبر کو سورتکل میں بی ایم ڈبلیو کار آگ کی نذر ہوگئی تھی ۔ اس کے بعد 28 ستمبر کو اڈیار علاقے میں ایک بی ایم ڈبلیو میں آگ لگی اور کار پوری طرح تباہ ہوگئی ۔ 10 نومبر کو ایک پٹرول پمپ کے پاس قطار میں لگی ہوئی ایک ماروتی 800 کار پوری طرح جل گئی ۔  15 نومبر کو کدری پولیس اسٹیشن کے قریب ایک کار جل کر خاک ہوگئی ۔ 16 دسمبر کو سٹی سینٹر مال کے پاس ہیونڈائی کار میں آگ بھڑکی جس میں ڈرائیور بال بال بچ گیا ۔ اب نئے سال کے پہلے دن ہی میری ہل روڈ پر کار میں آگ لگنے کا تازہ واقعہ پیش آیا ہے ۔


Share: