ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی انتخابات: کالکاجی سے کانگریس امیدوار الکا لامبا کا دعویٰ، اروند کیجریوال کی شکست یقینی

دہلی انتخابات: کالکاجی سے کانگریس امیدوار الکا لامبا کا دعویٰ، اروند کیجریوال کی شکست یقینی

Mon, 06 Jan 2025 10:49:16  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی، 6/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی اسمبلی انتخابات کے قریب آتے ہی سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ تمام سیاسی پارٹیاں اپنی حکمت عملی تیار کرنے اور ووٹرز کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں مصروف ہیں۔ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ سیاسی لیڈران ایک دوسرے پر تنقید کے تیر برسا رہے ہیں۔ عوام کو لبھانے کے لیے بڑے بڑے وعدے کیے جا رہے ہیں۔ اسی دوران کانگریس کی امیدوار الکا لامبا نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور عام آدمی پارٹی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’دہلی کے عوام اب کیجریوال کی حقیقت جان چکے ہیں، اور وہ اس بار شکست سے دوچار ہوں گے۔‘‘ الکا لامبا نے کیجریوال کے مفت سہولیات دینے کے اعلانات کو محض انتخابی چال قرار دیتے ہوئے انہیں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش بتایا ہے۔ کانگریس نے الکا لامبا کو کالکاجی حلقے میں عام آدمی پارٹی کی مضبوط امیدوار آتشی کے خلاف میدان میں اتارا ہے۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ کیجریوال جس پنجاب کے نام پر دہلی کی خواتین کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں کیجریوال کو چیلنج کرتی ہوں کہ آپ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگوت مان کو کہیں کہ وہ پنجاب کی بہنوں کو بسوں میں لے کر آئیں اور ان کے ’پاس بُک‘ بھی لے کر آئیں۔ جس سے یہ ثابت ہو جائے گا کہ پنجاب کی عآپ حکومت نے گزشتہ 36 ماہ کے اندر پنجاب کی بہنوں کے بینک کھاتے میں فی ماہ 1000 روپے کے حساب سے 36000 روپے ڈالے ہیں۔ الکا لامبا نے کانگریس کے ساتھ ساتھ بی جے پی پر بھی سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’امید ہے کہ آئندہ کل انتخابی ضابطہ اخلاق کا اعلان کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے عام آدمی پارٹی کو ’آپ-دا‘ (مصیبت) کہا ہے۔ میں کہنا چاہتی ہوں کہ دہلی کو اس مصیبت میں پہنچانے کے لیے دونوں (عآپ اور بی جے پی) ذمہ دار ہیں۔ دہلی کے لوگ کانگریس کو ایک متبادل پارٹی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

الکا لامبا نے عام آدمی پارٹی کے ذریعہ خواتین کو ماہانہ 2100 روپے دینے کے اعلان کے جواب میں کہا کہ یہ اعلان جھوٹ پر مبنی ہے۔ اس سے قبل بھی پنجاب میں خواتین کو 1000 روپے ماہانہ دینے کی بات کی تھی جو صرف اور صرف ایک سیاسی جملہ ثابت ہوا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ان ریاستوں کا حوالہ دیا جہاں کانگریس کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت جو کہتی ہے وہ کرتی ہے۔ انہوں نے کانگریس کی کرناٹک اور تلنگانہ حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں خواتین کو ماہانہ 2500 اور 2000 روپے دیے جا رہے ہیں۔ الکا لامبا نے یہ بھی کہا کہ دہلی انتخاب میں ہم نے کرناٹک اور تلنگانہ کے لوگوں پاس بُک کے ساتھ بلایا ہے ان کے ساتھ ہمارے وزیر اعلیٰ بھی آ رہے ہیں۔ تاکہ ہم عوام کو دکھا سکیں کہ کانگریس جو کہتی ہے وہ کرتی ہے۔


Share: