ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / دمام اور جُبیل میں بھٹکل مسلم جماعت منطقۃ الشرقیہ کے زیر اہتمام بریسٹ کینسر آگہی ورکشاپ کا کامیاب انعقاد

دمام اور جُبیل میں بھٹکل مسلم جماعت منطقۃ الشرقیہ کے زیر اہتمام بریسٹ کینسر آگہی ورکشاپ کا کامیاب انعقاد

Sun, 05 Jan 2025 03:25:42  IG Bhatkali   S O News
دمام اور جُبیل میں بھٹکل مسلم جماعت  منطقۃ الشرقیہ کے زیر اہتمام بریسٹ کینسر آگہی ورکشاپ کا کامیاب انعقاد

دمام 4 جنوری (ایس او نیوز/حبیب اللہ محتشم): بھٹکل مسلم جماعت  (منطقۃ الشرقیہ) کی جانب سے بریسٹ کینسر کے متعلق دو روزہ آگہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ پہلا سیشن جمعہ کو مولانا ثناء اللہ ایم ایچ کی رہائش گاہ جبیل میں نماز عشاء کے بعد منعقد ہوا، جبکہ دوسرا سیشن سنیچر کو بعد نماز عصر دمام میں سیکو بلڈنگ، مدرسہ تعلیم القرآن  میں منعقد کیا گیا۔

دونوں ورکشاپس میں جماعت کی خواتین اراکین نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور ڈاکٹر ہیلن کنیمل کی رہنمائی میں بریسٹ کینسر کے بارے میں قیمتی معلومات حاصل کیں۔ ڈاکٹر ہیلن کنیمل (MBBS, MD Anatomy) ایک ماہر ڈاکٹر ہیں جنہیں میڈیکل کے میدان میں 19 سال کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ کتاب "Know Your Breast" کی شریک مصنف ہیں اور صحت کی روک تھام سے متعلق کمیونٹی آگہی مہمات کے انعقاد میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے 19 سال تک میڈیکل، ڈینٹسٹری، فارم ڈی اور نرسنگ کے طلباء کو تعلیم دی  ہے جبکہ  12 سال تک جدہ کے ابن سینا نیشنل کالج فار میڈیکل اسٹڈیز میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ فی الحال وہ ڈیجیول آئی ٹی سولوشنس کے ساتھ کام کر رہی ہیں تاکہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تدریس، تعلیم اور جائزہ کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

بریسٹ کینسر کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے ڈاکٹر ہیلن نے بتایا کہ یہ کینسر چھاتی کے خلیوں میں پیدا ہوتا ہے اور عام طور پر گٹھلی یا غیر معمولی بڑھوتری کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقاعدہ خود معائنہ، صحت مند طرز زندگی اور بروقت طبی اسکریننگ جیسی احتیاطی تدابیر کے ذریعے اس بیماری کا ابتدائی مرحلے میں پتہ لگایا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر ہیلن نے بریسٹ کینسر کی ابتدائی علامات، روک تھام کے طریقے اور جدید علاج کی سہولتوں پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔

اس موقع پر بھٹکل مسلم جماعت کے صدر جاوید کولا اور جنرل سکریٹری مولانا تنویر احمد جوشیدی نے جماعت کی جانب سے صحت، تعلیم اور دیگر اہم مسائل پر معلوماتی پروگراموں کے انعقاد کو جماعت کی ترجیحات میں شامل قرار دیا۔ انہوں نے ورکشاپ میں  خواتین کی فعال شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات اراکین کو عصر حاضر کے چیلنجس  کا سامنا کرنے کے قابل بناتے ہیں۔


Share: