نئی دہلی ، 7/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)الیکشن کمیشن نے دہلی اسمبلی انتخابات 2025 کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے دہلی کے وگیان بھون میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انتخابات کی تفصیلات پیش کیں۔ ان کے مطابق دہلی کے 70 اسمبلی حلقوں میں انتخابات ایک ہی مرحلے میں ہوں گے۔ پولنگ 5 فروری 2025 کو بدھ کے روز ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 فروری 2025 کو کی جائے گی۔
پریس کانفرنس میں جاری تفصیلات کے مطابق، انتخابات کا گزٹ نوٹیفکیشن 10 جنوری 2025 کو جاری ہوگا۔ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 17 جنوری مقرر کی گئی ہے، جبکہ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 18 جنوری کو کی جائے گی۔ امیدواروں کو 20 جنوری تک نام واپس لینے کی اجازت ہوگی۔ ووٹنگ 5 فروری کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 8 فروری کو ہوگی۔ انتخابی عمل 10 فروری تک مکمل کر لیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران شفافیت اور منصفانہ عمل کو یقینی بنانے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق فوری طور پر نافذ ہو چکا ہے، جس کے تحت سرکاری اسکیموں کے اعلانات اور دیگر ترقیاتی کاموں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔
قبل ازیں، پیر کو الیکشن کمیشن نے دہلی کی حتمی ووٹر لسٹ جاری کی، جس کے مطابق اس مرتبہ دہلی میں کل 1 کروڑ 55 لاکھ 24 ہزار 858 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ ان میں مرد ووٹرز کی تعداد 83,49,645، خواتین ووٹرز کی تعداد 71,73,952 جبکہ تھرڈ جینڈر ووٹرز کی تعداد 1,261 ہے۔
یہ ووٹر لسٹ اس وقت جاری کی گئی جب ووٹرز کے نام ہٹانے کے الزامات کا تنازع سامنے آیا تھا۔ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کچھ دن پہلے بی جے پی پر ووٹر لسٹ سے نام خارج کرنے کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا الزام لگایا تھا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، 2020 کے اسمبلی انتخابات کے مقابلے میں اس بار دہلی میں 7.26 لاکھ نئے ووٹرز شامل ہوئے ہیں، جبکہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے مقابلے میں ووٹرز کی تعداد میں 3.10 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
دہلی کے پچھلے دو اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ 2015 میں 67 نشستیں جیت کر حکومت بنائی، جو دہلی کی تاریخ میں سب سے بڑی کامیابی تھی۔ 2020 میں پارٹی نے 62 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ بی جے پی کو 8 نشستیں ملیں، جبکہ کانگریس پچھلے دو انتخابات میں ایک بھی نشست نہیں جیت سکی۔
بی جے پی، عام آدمی پارٹی اور کانگریس نے انتخابات کے لیے پوری طاقت لگا دی ہے۔ پچھلے پانچ دنوں میں وزیر اعظم مودی نے دو بڑی ریلیاں کی ہیں اور دہلی والوں کو بڑی تحفے دیے ہیں۔ اس سے یہ سمجھا جا سکتا ہے کہ بی جے پی دہلی کی تخت سے 27 سال کا خشک سالی دور کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی بھی اپنے اقتدار کو برقرار رکنے کی تک دو میں لگی ہوئی ہے، جبکہ عوام کا ایک بڑا حصہ کانگریس کو اپنی حمایت دے رہا ہے، جس سے مقابلہ دلچسپ ہو گیا ہے۔