نئی دہلی،19جون؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ملک کی 6سینٹرل یونیورسٹیوں میں اگلے تعلیمی سیشن سے یوگا شعبہ شروع ہو جائے گا۔مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل اسمرتی ایرانی نے اس کا اعلان کیا۔ان کا کہنا ہے کہ ایک سال کے اندر ان کی تعداد 20ہو جائے گی۔ ایرانی نے یوگا پر قومی سیمینار میں اس کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ 2016-17میں نئے سرے سے بنائے یوگا شعبہ جات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ملک کی تمام 41سینٹرل یونیورسٹیوں میں بھی یوگا شعبہ جلد سے جلد شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔اس کے ساتھ ہی یوگا کورس کے لئے قومی اہلیتی ٹیسٹ(این ای ٹی) کے آغاز کے لئے بھی یو جی سی تیزی سے کام کر رہا ہے۔اسمرتی ایرانی نے کہا کہ کافی عرصے سے یوگا سائنس کو ہائی ایجوکیشن نصاب کا حصہ بنانے کی بات چل رہی تھی،اس کے لئے جنوری میں پروفیسر ناگیندر کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس کا مقصد یونیورسٹیوں میں یوگا کے کورس، ڈگری، نصاب، استاد قابلیت پر مکمل رپورٹ تیار کرنا تھا۔حال ہی میں یہ رپورٹ وزارت کو سونپی گئی ہے۔اسی کی بنیاد پر 6یونیورسٹیوں میں یوگا کی پوسٹ اور انڈر گریجویٹ کورس کی شروعات کی جا رہی ہے۔پہلے مرحلے میں ہیموتی بہوگنا گڑھوال یونیورسٹی (اتراکھنڈ)، وشیو بھارتی (مغربی بنگال)، کیرل مرکزی یونیورسٹی (کیرالہ)راجستھان یونیورسٹی، منی پور یونیورسٹی اور اندرا گاندھی یونیورسٹی (مدھیہ پردیش)میں یوگا محکمے کھولے جائیں گے۔یو جی سی کے صدر وید پرکاش نے بتایا کہ ملک میں ریاستی، مرکزی اور نجی یونیورسٹیوں کو ملا کر کل 780یونیورسٹیوں میں سے 159یونیورسٹیوں میں کسی نہ کسی شکل میں یوگا کی ٹریننگ دی جا رہی ہے لیکن اب پورے منظم انداز سے اسے شروع کیا جا رہا ہے۔