جب مسلمان ووٹ دیتے ہی نہیں توٹکٹ کیوں دیں گے:ونے کٹیار
نئی دہلی، 27؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا ) اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں کسی مسلم امیدوار کو نہیں اتارے جانے پر نریندر مودی حکومت کے دو وزراء نے اپنی ہی پارٹی کے فیصلے پر ایک طرح سے سوال کھڑے کئے ہیں۔ مرکزی وزیر اوما بھارتی نے کہا ہے کہ بی جے پی نے یوپی انتخابات میں کسی مسلم امیدوار کو نہیں اتار کربڑی بھول کی۔ وہیں مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے اگر مسلمانوں کو ٹکٹ دیا ہوتا تو اچھا ہوتا۔اوما بھارتی نے ایک ٹی وی چینل سے کہاکہ مجھے سچ میں اس بات کا دکھ ہے کہ ہم کسی مسلم امیدوار کو انتخابی میدان میں نہیں اتار سکے۔میں نے اس بارے میں بی جے پی صدر امت شاہ اور بی جے پی صدر کیشو پرساد موریہ سے بات کی تھی کہ کس قسم کے مسلمانوں کو اسمبلی انتخابات میں لایا جائے۔ اوما بھارتی نے یہ بھی کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے صحیح کہا تھا کہ ہم مسلمانوں کو ٹکٹ دے سکتے تھے۔اوما بھارتی کے تبصرہ پر اگرچہ ان کی ہی پارٹی کے ونے کٹیار نے سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہاکہ جب مسلمان ہمارے لئے ووٹ ہی نہیں کرتے تو ہم انہیں ٹکٹ کیوں دیں؟۔ادھر مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے پیر کو کہا کہ یوپی انتخابات میں بی جے پی نے اگر مسلمانوں کو ٹکٹ دیا ہوتا تو اچھا ہوتا۔ نقوی نے اگرچہ کہا کہ بی جے پی معاشرے کے ہر طبقے کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے میں یقین کرتی ہے اور ریاست میں پارٹی کی حکومت بننے پرکمیونٹی کا پورا خیال رکھا جائے گا۔ نقوی نے کہا کہ این ڈی اے حکومت کی کارکردگی کو اس بنیاد پر نہیں لگایا جانا چاہئے کہ اس نے مسلمانوں کو ٹکٹ کی پیشکش نہیں کی۔مرکزی وزیر نے کہا کہ بی جے پی معاشرے کے تمام طبقے کے لوگوں کو ساتھ لے کرچلنے میں یقین کرتی ہے۔ہم نے مرکزمیں سب کے تعاون سے حکومت بنائی۔ اسی طرح سے ہم ریاست میں بھی حکومت بنائیں گے۔