ریاض،28جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کی ایئر ڈیفنس فورس نے یمن سے حوثی باغیوں کی طرف سے مکہ مکرمہ پر داغا گیا بیلسٹک میزائل ہدف تک پہنچنے سے قبل فضاء میں تباہ کرکے شہر کو تباہی سے بچا لیا۔یمن میں آئینی حکومت کی حمایت میں سرگرم عرب اتحاد کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایران نواز حوثی باغیوں کی طرف سے ایک بیلسٹک میزائل مکہ معظمہ کی طرف داغا گیا تھا تاہم سعودی ایئر ڈیفنس فورس نے اسے فضاء ہی میں تباہ کر کے شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایران نواز حوثی باغیوں نے مکہ مکرمہ پر یہ بیلسٹک میزائل حملہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب شہر میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔عرب اتحادی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نگرانی نہ ہونے کے باعث باغیوں کو الحدیدہ بندرگاہ سے بیلسٹک میزائل اور دیگر بھاری ہتھیار پہنچائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ باغی امدادی سامان اور اشیائے ضروریہ کے سامان کے ٹرکوں کے لیے جاری کردہ اجازت ناموں کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔
ایئر ڈیفنس فورسز نے حوثی باغیوں کے اس میزائل کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے پیٹریاٹ میزائل سے تباہ کیا ہے اور اس کے ٹکڑے ایک بے آباد علاقے میں گرے ہیں۔دریں اثناء عرب اتحاد کے ایک لڑاکا طیارے نے یمن میں میزائل چھوڑنے کے پیڈ کو بمباری کرکے تباہ کر دیا ہے۔خیال رہے کہ یہ ایک سال سے کم عرصے میں مکہ مکرمہ پر باغیوں کا دوسرا ناکام بیلسٹک میزائل حملہ ہے۔ گذشتہ برس اکتوبر میں یمنی باغیوں نے مکہ مکرمہ کی طرف ایک بیلسٹک میزائل داغا تھا جسے فضاء ہی میں تباہ کردیا گیا تھا۔جمعہ کو علی الصباح اتحادی فوج نے یمنی دارالحکومت صنعاء سمیت ملک کے مختلف مقامات پر باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ بمباری میں مشرقی صنعاء میں صرف کے مقام پر نیشنل سیکیورٹی کیمپ، فضائیہ کالج اور 22 مئی ملٹری انڈسٹری آڈی ٹوریم کو نشانہ بنایا گیا۔