ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہندوستان نے اقوام متحدہ میں دہشت گردی مخالف سمجھوتہ جلد منظور کروانے کی اپیل کی 

ہندوستان نے اقوام متحدہ میں دہشت گردی مخالف سمجھوتہ جلد منظور کروانے کی اپیل کی 

Tue, 07 Mar 2017 11:47:52  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 6 ؍مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ہندوستان نے آج اپنی اس اپیل کو پھر اعادہ کیا کہ دہشت گردی سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے مقصد سے اقوام متحدہ کی طرف سے بین الاقوامی معاہدے کو جلد منظور کروایا جائے۔ہندوستا ن نے اس مسئلہ کو بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ بتایا۔پاکستان کی جانب براہ راست اشارہ کرتے ہوئے وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا کہ ہندوستان گزشتہ کئی دہائیوں سے ’پراکسی وار ‘کا شکار رہا ہے، دہشت گرد ی کے نیٹ ورکس کے خلاف عالمی جنگ میں ایک ایشیائی رخ کوفروغ دئیے جانے کی ضرورت ہے۔اقوام متحدہ کی طرف سے ہندوستان کی حمایت والے جامع بین الاقوامی دہشت گردی معاہدے(سی سی آئی ٹی )کو جلد منظور کروانے کی اپیل کرتے ہوئے پاریکر نے کہا کہ دہشت گردی بین الاقوامی سلامتی کے لیے سب سے بڑا اور سنگین چیلنج بنا ہوا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے مربوط رخ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے دفاعی مطالعہ اور تجزیاتی ادارے میں دہشت گردی سے نمٹنے کے موضوع پر ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔وزیر دفاع نے کہا کہ دہشت گرد گروپوں کو مالی تعاون دینے والے، ان کے نظریات کے فروغ دینے اور دہشت گرد گروپوں کو محفوظ پناہ گاہ مہیا کرانے والے اداروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان ان دفعات کو سی سی آئی ٹی میں شامل کروانا چاہ رہا ہے۔عالمی سلامتی سے متعلق مسائل پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے دنیا کی غیر یقینی صورتحال، مقبول تحریکوں کے دوبارہ سامنے آنے ، بڑھتی ہوئی قوم پرستی، گلوبلائزیشن کے خلاف آوازیں اور کئی ممالک کی طرف سے اپنی سرحدوں کو بند کرنے کے امکانات کا ذکر کیا۔


Share: