ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / گودھرا سانحہ ، عمر قید کی سزاء کاٹنے والے ملزمین کی ضمانت پر رہائی پر کارروائی شروع

گودھرا سانحہ ، عمر قید کی سزاء کاٹنے والے ملزمین کی ضمانت پر رہائی پر کارروائی شروع

Tue, 13 Nov 2018 18:14:50  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی13؍ نومبر(ایس او نیوز)27؍ فروری 2002ء کو ایودھیا سے بذریعہ سابرمتی ٹرین لوٹ رہے ۵۹؍ کار سیوکوں کو زندہ جلانے کے الزامات کے تحت گرفتار 31؍ مسلم نوجوانوں کو گجرات ہائی کورٹ سے ملی عمر قید کی سزاء کاٹ رہے29؍ مسلم نوجوانوں کی ضمانت پر رہائی کی عرضداشت پر آج سپریم کورٹ آف انڈیا کی دو رکنی بینچ کے سامنے سماعت عمل میںآئی جس کے دوران عدالت نے جمعیۃ علماء (ارشد مدنی) کی جانب سے مقرر کردہ سینئر وکیل پی وی مشراء اور سابق ایڈیشنل سالیسٹر جنرل امریندر شرن نے عدالت کو بتایاکہ عمر قید کی سزا پانے والے ملزمین ابتک جیل میں ۱۶؍ سال سے زائد کا عرصہ گذار چکے ہیں اور ان کی اپیلوں پر مستقبل قریب میں سماعت ہونے کے امکانات نہیں ہیں لہذا انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔ یہ اطلاع آج یہاں ممبئی میں ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے دی۔

گلزار اعظمی نے مزید بتایا کہ ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں د اخل اپیل کو عدالت نے پہلے ہی سماعت کے لیئے قبول کرلیا تھا جس کے بعد ملزمین کی ضمانت پر رہائی کی درخواست داخل کی گئی تھی جس پر آج دو رکنی بینچ کے جسٹس ارون مشراء اور جسٹس ونیت شرن کے روبرو سماعت عمل میںآئی جس کے دورن عدالت نے استغاثہ کو حکم دیاکہ وہ ۲۰؍ نومبرکو ملزمین کی سزاؤں کے متعلق تفصیلات عدالت میں پیش کرے ۔ آج عدالت میں سینئر وکلاء کے ساتھ ایڈوکیٹ آن ریکارڈ ارشاد احمد اور ایڈوکیٹ ابھیمنیو شریستا بھی موجود تھے ۔

گلزار اعظمی نے مقدمہ کے تعلق سے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا ایک بہت بڑا مقدمہ ہے جس میں تحقیقاتی دستوں نے قتل ، اقدام قتل اور مجرمانہ سازش کے الزامات کے تحت ۹۴؍ مسلم نوجوانوں کو گرفتار کیا تھا اور ان کے خلاف مقدمہ چلایا گیا جہاں نچلی عدالت نے ثبوتوں کی عدم موجودگی کے سبب 63؍ ملزمین کو باعزت بردی کردیا تھا وہیں 20؍ ملزمین کو عمر قید اور 11 دیگر ملزمین کو پھانسی کی سزاء سنائی تھی۔

گلزار اعظمی نے مزید کہا کہ گذشتہ سال 9؍ اکتوبر کو گجرا ت ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ کے جسٹس اننت ایس دوے اور جسٹس جی آر وادھوانی نے اپنے 987؍ صفحات پر مشتمل فیصلہ میں ایک جانب جہاں نچلی عدالت سے ملی عمر قید کی سزاؤں کو برقرار رکھا تھا وہیں پھانسی کی سزاؤں کو عمر قید میں تبدیل کرکے ملزمین کو کچھ راحت دی تھیں ۔

گلزار اعظمی نے مزید کہا کہ ملزمین بلال احمد عبدالمجید، عبدالرزاق، رمضانی بنیامین بہیرا،حسن احمد چرخہ،جابر بنیامین بہیرا، عرفان عبدالمجید گھانچی،عرفان محمد حنیف عبدالغنی، محبو احمد یوسف حسن، محمود خالد چاندا، سراج محمد عبدالرحمن، عبدالستار ابراہیم، عبدالراؤف عبدالماجد،یونس عبدالحق، ابراہیم عبدالرزاق، فارق حاجی عبدالستار، شوکت عبداللہ مولوی، محمد حنیف عبداللہ مولوی،شوکت یوسف اسماعیل،انور محمد ،صدیق ماٹونگا عبداللہ بدام شیخ،محبوب یعقوب، بلال عبداللہ اسماعیل، شعب یوسف احمد، صدیق محمد مورا،سلیمان احمد حسین، قاسم عبدالستارکی ضمانت پر رہائی کی درخواست داخل کی گئی ہے ۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر


Share: