سرینگر،4 نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے کھڈپورہ میں گزشتہ روز شروع ہونے والا مسلح تصادم 2 ملی ٹینٹوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔مسلح تصادم کے مقام سے ایک ملی ٹینٹ کی لاش گزشتہ شام دیر گئے جبکہ دوسرے کی لاش اتوار یعنی آج صبح برآمد کی گئی۔
علاقہ میں گرتی برف کے باوجود مقامی لوگ ملی ٹینٹوں کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آئے اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ لڑ پڑے۔ انتظامیہ نے ضلع شوپیان میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں، جبکہ احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی ہے۔
سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ شوپیان کے کھڈپورہ میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج، جموں وکشمیر پولس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سینٹرل ریزرو پولس فورس نے مذکورہ علاقہ میں گذشتہ شام قریب ساتھ بجے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا 'سیکورٹی فورسز کا ایک گروپ مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کررہا تھا تو ایک رہائشی مکان میں چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں نے ان پر فائرنگ کر دی'۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی کاروائی میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔ انہوں نے بتایا 'مسلح تصادم کے مقام سے ایک ملی ٹینٹ کی لاش گذشتہ شام برآمد کی گئی، جبکہ دوسرے کی لاش اتوار کی علی الصبح یعنی آج برآمد ہوئی'۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مسلح تصادم کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مارے گئے ملی ٹینٹوں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق جہاں ناسازگار موسمی حالات کے باوجود سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کے خلاف آپریشن چلایا، وہیں مقامی لوگ ملی ٹینٹوں کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آئے اور فورسز کے ساتھ جھڑپیں کیں۔