سرینگر6نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) صوبائی کمشنر کشمیر کے دفتر کو مختلف حلقوں کی طرف سے بار بار یہ اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ لیہہ خطے سمیت وادی بھر میں غیر قانو نی کلینکوں اور ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔اس کے علاوہ اشیائے خوردنی اوردیگر اشیاءکے لئے لوگوں سے من مانی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں ۔ اس تناظر میں صوبائی کمشنر نے لیہہ اورکرگل سمیت تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو فوری طور کارروائی کرنے اورقصورواروں کو قانونی دائرے میں لانے کی ہدایت دی ہے۔
مارکیٹ چیکنگ اسکارڈس ،لیگل اینڈ میٹرالوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور فوڈ سپلائز ڈیپارٹمنٹ کو سری نگر ضلع میں وسیع پیمانے پر مارکیٹ چیکنگ شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔تاکہ سبزیوں ،مرغ ،گوشت ،بیکری اور دیگر اشیاءکے لئے صارفین سے مقررہ دام وصول کئے جاسکیں۔انہوں نے چوربازاری اورذخیرہ اندوز ی میں ملوث افراد کو قانونی شکنجے میں لانے کے لئے افسران کو ہدایت دیں۔
اس دوران صوبائی کمشنر نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کو خصوصی چیکنگ ٹیمیں تشکیل دینے کی بھی ہدایت دیں تاکہ لیہہ اورکرگل سمیت وادی بھر میں غیر قانونی کلینکوں اورٹیسٹنگ لیبارٹریوں پر قدغن لگائی جاسکے۔صوبائی کمشنر نے اس سلسلے میں تمام متعلقہ افسران کو ہفتہ وار بنیادوں پر صوبائی کمشنر کے دفتر میں رپورٹ بھیجنے کی بھی ہدایت دی۔