بنگلورو۔20جولائی(ایس او نیوز) وجئے نگر مہیلا پولیس تھانہ کی سب انسپکٹر روپا تمبد کے مبینہ اقدام خود کشی کے سلسلے میں وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے شہر کے پولیس کمشنر این ایس میگرک کو مکمل تفصیلات مہیا کرانے اور مناسب قدم اٹھانے کی ہدایت دی ہے۔ ریاستی کابینہ اجلاس سے قبل ودھان سودھا میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ روپا کے اقدام خود کشی کے متعلق تمام تفصیلات محکمہ کو دی گئی ہیں۔ یہ جائزہ لیا جارہا ہے کہ واقعی روپا نے خود کشی کی کوشش کی ہے۔؟ یا کچھ اور وجہ سے وہ بیمار پڑی ہے۔ محکمہ¿ پولیس میں نچلی سطح کے عملے میں احساس عدم تحفظ پائے جانے کے متعلق ایک سوال پر ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ اس سلسلے میں تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ آنے والے دنوں میں محکمہ¿ پولیس میں بھی جامع تبدیلیاں لانے پر غور کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ¿ پولیس میں اعلیٰ حکام کی طرف سے ماتحتوں کو ہراساں کرنے کی شکایات کی وجہ سے محکمہ کی شبیہ داغدار ہورہی ہے، ان تمام سلسلوں کو ختم کرنے کیلئے پورے محکمہ کو ایک نئی شکل دینے کی کوشش وہ ذاتی طور پر کررہے ہیں۔آنے والے دنوں میں ان کوششوں کے نتیجہ میں ایک بہت بڑی تبدیلی لانے کے وہ خواہشمند ہیں۔ وزیر داخلہ نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ ریاست میں اعلیٰ افسران کی طرف سے اپنے ماتحتوں کو ہراساں کرنا ایک عام بات ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ¿ پولیس کا افسر ہو یا ملازم کسی بھی حال میں اس کی خود داری کو ٹھیس نہ پہنچے یہ یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اقدام خود کشی کے بعد سب انسپکٹر روپا کی حالت میں سدھار
کل شب شہر کے وجئے نگر مہیلا پولیس تھانہ میں انسپکٹر کی ڈانٹ پر مایوس ہوکر پیارا سیٹا مول گولیاں کھاکر اقدام خود کشی کرنے والی سب انسپکٹر روپا تمبد کی حالت میں سدھار آیا ہے، اور ڈاکٹروں نے اسے خطرہ سے باہر بتایا ہے۔ سگنا اسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایاکہ کل روپا کو بے ہوشی کی حالت میں اس اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا ہے ،اب اس کی صحت میں کافی سدھار آیا ہے، دو دن میں اسے گھر بھیج دیا جائے گا۔ بتایاجاتاہے کہ سب انسپکٹر روپا نے کل دوپہر راجہ جی نگر پولیس کوارٹرس میں پندرہ پیارا سیٹا مول اور دس ڈارٹ گولیاں کھاکر اقدام خود کشی کی ۔ فوری طور پر روپا کو راجہ جی نگر کے سوگنا اسپتال لے جایا گیا ۔آج صبح ڈی سی پی سریش نے اسپتال کا دورہ کرکے روپا کی عیادت کی۔ روپا کے اقدام خود کشی کے معاملے کی جانچ کیلئے پولیس کمشنر این ایس میگرک نے ڈی سی پی سندیپ پاٹل کو ذمہ داری سونپی ہے اور انہیں جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔