ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / پٹسبرگ میں کم از کم 11 افراد ہلاک ، سارے یہودیوں کو مرنا چاہئے کا نعرہ لگاتے ہوئے ایک شخص نے برسائی اندھادھند گولیاں

پٹسبرگ میں کم از کم 11 افراد ہلاک ، سارے یہودیوں کو مرنا چاہئے کا نعرہ لگاتے ہوئے ایک شخص نے برسائی اندھادھند گولیاں

Sun, 28 Oct 2018 17:00:04  SO Admin   S.O. News Service

واشنگٹن 28اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا ؍ایس او نیوز)  شوبّت  نامی  عبادت کے دوران اچانک ایک شخص کے   سائناگوگ میں داخل ہوکر اندھادھند گولیاں برسانے کے نتیجے میں  گیارہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اطلاع کے مطابق متعلقہ شخص  ’’سارے یہودیوں کو مرنا چاہیے‘‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے   پٹسبرگ کے ایک سائناگوگ میں داخل ہوا تھا ، جہاں ہفتے کے روز 'شوبّت' کی عبادت جاری تھی۔

اْس نے عبادت گزاروں پر بلاامتیاز گولیاں برسا کر متعدد افراد کو ہلاک کیا، جو امریکہ میں مہلک شوٹنگ کا تازہ ترین واقع ہے۔شام گئے اہلکاروں نے ہلاک شدگان کی تعداد 11 بتائی ہے۔پنسلوانیا کے مقامی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ حملہ آور ’ٹری آف لائف‘نام کے سائناگوگ میں داخل ہوا اور عبادت میں مصروف لوگوں پر گولیاں چلائیں۔'فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے تفتیش کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔ 'پٹسبرگ پبلک سیفٹی' کے سربراہ، وینڈل ہسی رچ نے سائناگوگ کے باہر اخباری نمائندوں کو بتایا کہ یہ نفرت پر مبنی فائرنگ کا واقع ہے۔اْنھوں نے کہا کہ یہ بدترین نوعیت کا جرم ہے، جو میں نے پہلی بار دیکھا ہے۔

ہسی رچ نے بتایا کہ چھ افراد زخمی ہیں، جن میں چار پولیس اہل کار شامل ہیں۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے مشتبہ شخص کی شناخت رابرٹ بوورز کی حیثیت سے کی گئی ہے، جس کی عمر 48 برس ہے اور وہ جنوبی پٹسبرگ کا رہنے والا  ہے۔ حکام کے مطابق، وہ  ابھی  زخمی ہے اور اسے طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا ہے۔سماجی میڈیا بظاہر بوورز کی جانب سے شائع کردہ پوسٹوں میں یہودیوں کے خلاف نفرت آمیز کلمات استعمال کرتا ہے۔صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے میری لینڈ میں جوائنٹ بیس انڈریوز پر اخباری نمائندوں کو بتایا کہ وہ انڈیانا پولس میں آج شام کی تقریر کے دوران حملے کے بارے میں مکمل بیان دیں گے۔ وہ ’فیوچر فارمرز آف امریکہ‘ سے خطاب کریں گے۔

ایئر فورس ون میں سوار ہونے سے قبل، صدر نے کہا کہ جب لوگ ایسا عمل کریں، تو اْنھیں سزا ملنی چاہیے۔ ضروررت اِس بات کی ہے سزائے موت کو پھر سے رائج کیا جائے۔ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایک مسلح محافظ سائناگوگ کے اندر موجود ہوتا تو عین ممکن تھا کہ وہ فوری طور پر حملہ آور کو روک دیتا۔ ایک سر پھرا اندر داخل ہوتا ہے جب کہ اْن کے پاس اپنی حفاظت کا بندوبست نہیں تھا۔جب اْن سے پوچھا گیا آیا اب امریکہ کی عبادت گاہوں میں مسلح محافظ تعینات کیے جائیں گے، ٹرمپ نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ایسا ہی ہو۔ ایسی دنیا میں جہاں بہت سے مسائل ہیں۔پنسلوانیا کے گورنر ٹام ولف نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں شوٹنگ کو ایک شدید نوعیت کا المیہ قرار دیا گیا ہے۔اْنھوں نے کہا کہ اْنھوں نے مقامی قائدین سے بات کی ہے، اور بحران سے نمٹنے کے لیے قانون کا نفاذ کرنے والے اور امدادی کام کرنے والوں کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔بقول اْن کے اس طرح کا عقل سے عاری عمل امریکی اقدار کی نفی ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم جنھوں نے پنسلوانیا کے ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کی تھی، کا کہنا ہے کہ آج پٹسبرگ سائناگوگ پر قاتلانہ حملے کا سن کر مجھے دلی تکلیف پہنچی اور صدمہ ہوا۔


Share: