ممبئی،10 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا) کاندیولی میں ایک دکان سے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون چوری کرنے کے معاملے میں ممبئی پولیس نے اتر پردیش سے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے اس کے پاس سے 7 لاکھ روپے مالیت کے 46 سمارٹ فون بھی قبضے میں لئے ہیں۔
کاندیولی ایسٹ میں ایک دکان سے 149 موبائل فون چوری ہوئے تھے، جس کی قیمت تقریبا 18 لاکھ روپئے بتائی گئی تھی۔ چوری کا یہ سارا واقعہ سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگیا تھا۔ پولیس اب گرفتار ملزم عظمت علی کے بھائی ذاکر علی کی تلاش میں ہے تاکہ باقی موبائل فون بھی قبضے میں لیے جا سکیں۔
پولیس کے مطابق دونوں بھائیوں کے خلاف پہلے ہی چوری کے متعدد مقدمات درج ہیں۔زون 12 کے ڈی سی پی ڈاکٹر ڈی سوامی کے مطابق 7 نومبر کو رات کے اندھیرے میں کاندیولی ایسٹ میں ایک موبائل شاپ سے لاکھوں مالیت کے موبائل فون چوری ہو گئے تھے ۔
سمتا نگر پولیس کی ٹیم نے اتر پردیش کے سدھارتھ نگر سے ایک ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹج سے حاصل کردہ معلومات سے گرفتار کیا جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔