وارانسی، 22؍مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )صوبے میں یوگی حکومت کے ایکشن میں آنے کے بعد بدھ کو مرزا مراد قصبے میں دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس کے نام کا دھمکی بھرا پرچہ ملنے سے سنسنی پھیل گئی۔اطلاع پاتے ہی موقع پر مقامی پولیس کے ساتھ افسران پہنچ گئے۔پھینکے گئے سادے پرچے میں آئی ایس آئی ایس پاکستان زندہ باد لکھا گیا تھا ، ساتھ ہی 24؍مارچ کو پوروانچل میں تباہی مچانے کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔اس کے ذریعے یوگی حکومت کو چیلنج کیا گیا ہے کہ پوروانچل کو تباہی سے بچا سکتے ہو تو ، بچا لو۔خط کو دیکھ کر بظاہر اسے کسی سماج دشمن عناصر کی حرکت مانا جا رہا ہے، پھر بھی پولیس اور خفیہ ایجنسیاں احتیاط سے چھان بین کر کے شرپسند عناصر کی تلاش میں مصروف ہو گئی ہے۔معاملہ وزیر اعظم کے پارلیمانی حلقہ سے منسلک دیکھ پولیس انتظامیہ کچھ زیادہ ہی مستعد ہو گیا ہے۔اس سلسلے میں پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہات )آشیش تیواری نے بتایا کہ برآمد پرچے کو لے کر تھانے میں نامعلوم شرپسند عناصر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جہاں سے پرچہ برآمد ہوا ہے، وہاں کے مقامی لوگوں سے پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے۔غورطلب ہے کہ آج الہ آباد-وارانسی ہائی وے پر واقع مرزا مراد قصبے کے نزدیک چار دھمکی بھرا پرچہ پھینکا ہوا ملا ہے جس میں ایک صفحے پر لکھا ہے کہ اب کی بار یوپی پر وار۔