ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / مدھیہ پردیش : اقلیتوں کی تعلیم کیلئے وقف بورڈ نے تیار کیا خاکہ ، مقابلہ جاتی امتحانات کیلئے مفت کوچنگ کے ساتھ دی جائے گی اسکالرشپ

مدھیہ پردیش : اقلیتوں کی تعلیم کیلئے وقف بورڈ نے تیار کیا خاکہ ، مقابلہ جاتی امتحانات کیلئے مفت کوچنگ کے ساتھ دی جائے گی اسکالرشپ

Wed, 16 Dec 2020 10:16:14  SO Admin   S.O. News Service

بھوپال، 16 دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) ویزن ہو تو محدود وسائل میں بھی بہت کچھ کیا جاسکتا ہے۔ اگر ویزن نہیں ہے تو کروڑوں کا سرمایہ پاس ہونے کے بعد بھی احساس محرومی دامن گیر رہتی ہے ۔ مدھیہ پردیش وقف بورڈ کے پاس ہزاروں کروڑکی املاک تو ہے ، مگر ویزن نہیں ہونے کے سبب اقلیتوں کی فلاح کے کام سرد خانے میں ڈال دئےگئے ہیں ۔ یہی نہیں وقف بورڈ کے ذریعہ اقلیتی طبقے کی تعلیمی ترقی کے لئے جو کام پہلے کئے جاتے تھے ، انہیں بھی ایک ایک کر کے بند کردیا گیا ہے۔ ایم پی وقف بورڈ کے نئے سی ای او جمیل احمد خان نے وقف بورڈ کے زیر انتظام تعلیمی ادارہ قائم کرنے کے ساتھ ، اقلیتی طلبہ کو مفت کوچنگ اور انہیں تعلیم کے لئے اسکالرشپ دینے کا خاکہ تیار کیا ہے۔

2001 کی رپورٹ کے مطابق مدھیہ پردیش وقف بورڈ کے پاس پچاسی ہزار کروڑ کی بیش قیمتی املاک ہے ۔ اتنی بیش قیمتی املاک کے باوجود ایم پی وقف بورڈ کنگالی کا شکار ہے ۔ بورڈ میں جن لوگوں کو ذمہ داربنایا گیا وہ لوگ تو خود کفیل ہوتے گئے ، مگر بورڈ کنگال ہوتا گیا ۔ سابق سی ای او وقف بورڈ عمر فاروق کھٹانی نے اپنے عہد میں وقف بورڈ کیمپس میں اقلیتی طلبہ کے لئے مفت کوچنگ کلاس کا پندرہ سال پہلے جو سلسلہ شروع کیا تھا ، بعد میں آنے والے وقف ذمہ داران نے اسے جاری رکھنا تو دور اسے بند کرکے ہی دم لیا۔

ایم پی وقف بورڈ کے ذریعہ اقلیتوں کی تعلیم کے لئے فلاحی کام شروع کرنے کے مطالبہ کو لیکر سماجی تنظیموں نے بورڈ کے سی ای او سے ملاقات کی ۔ سدبھاؤنا منچ اور ایم پی جمیعت علما کے اراکین نے دس نکات پر مشتمل بورڈ سی ی او کو میمونڈم پیش کیا اور بورڈ کے ذریعہ اقلیتی طلبہ کےلئے کورونا قہر میں مفت کوچنگ کلاس شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔

ایم پی جمعیت علما بھوپال یونٹ کے صدر حاجی محمد عمران کہتے ہیں کہ بورڈ کے پاس اتنا سرمایہ ہے کہ وہ صرف بھوپال میں ہی نہیں بلکہ صوبائی سطح پر اقلیتی طلبہ کی تعلیمی بیداری کے لئے مفت کوچنگ کا انتظام کرسکتا ہے ، مگر جو کام ماضی میں ہورہا تھا ، اسے بھی بند کردیا گیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ بورڈ کے ذریعہ مقابلہ جاتی امتحانات کے لئے مفت کوچنگ کے ساتھ نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کو بھی مفت کوچنگ دی جائے ۔ اور یہ کوچنگ صرف کورونا قہر میں ہی نہیں بلکہ مستقل طور پر چلائی جائے تاکہ اقلیتی طلبہ اس سے استفادہ کر سکیں اور اپنے مستقبل کو روشن کر سکیں ۔

مدھیہ پردیش وقف بورڈ کے نئے سی ای او جمیل احمد خان کہتے ہیں کہ آج چارج لئے ہوئے دس دن ہوگئے ہیں ۔ مجھے حیرت ہو رہی ہے کہ جب بورڈ کے ذریعہ مفت کوچنگ چلائی جاتی تھی تو انہیں کیوں بند کردیا گیا ہے ۔ میں نے فائل منگوائی ہے تاکہ مقابلہ جاتی امتحانات کی مفت کوچنگ کے ساتھ طلبہ کو دوسرے مضامین کی بھی مفت کوچنگ دی جا سکے ۔ یہی نہیں ہونہار طلبہ کو بورڈ کے ذریعہ اسکالرشپ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ بورڈ کے ذریعہ تعلیمی ادارہ قائم کرنے کو لیکر جامعہ ملیہ اسلامیہ ، زکوۃ فاؤنڈیشن اور کرناٹک کے کئی اداروں سے رابطہ قائم کیا جا رہا ہے ، تاکہ ان کے مفید مشوروں اور ان کے ذریعہ تعلیم کے میدان میں کئے جا رہے کام کی روشنی میں ایم پی وقف بورڈ کے زیر انتظام بھی تعلیم کا کام کیا جا سکے ۔

یہی نہیں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ وقف املاک ہو ، مکان ہو یا دکان ، سب پر وقف بورڈ کی نیم پلیٹ لگانا ضروری ہے ، ایسی تجویز بورڈ کے ذریعہ پاس کرنے کو لیکر خاکہ تیارکیا گیا ہے ۔ تاکہ لوگوں کو معلوم ہوسکے کہ کون سی زمین یا مکان وقف کا ہے اور اس پر کرایہ دار کون ہے ۔ ہم وقف کو لیکر بیداری مہم چلانے کے ساتھ وقف سے ہونے والی انکم سے زیادہ سے زیادہ فلاحی کام کرنا چاہتے ہیں ۔ ہمارا فوکس اقلیتی طلبہ کو زیادہ سے زیادہ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ اقلیتی طلبہ ہماری فلاحی اسکیم سے فائدہ اٹھاکر خود کو زیور تعلیم سے آراستہ کر سکیں ۔


Share: