بھوپال 4نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) شیوراج حکومت اپنے ہی خفیہ محکمہ کی ایک رپورٹ سے سکتہ میں ہے۔ انٹیلی جنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے اقتدار سے بے دخل ہو جائے گی اور کانگریس حکومت سازی کرنے میں کامیاب رہے گی۔
اس ٹاپ سکریٹ رپورٹ میں 30 اکتوبر کو وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ریاست کی 230 اسمبلی سیٹوں میں سے 128 پر کانگریس پارٹی بی جے پی سے آگے نکل سکتی ہے۔ جبکہ ریاست میں تقریباً ڈیڑھ دہائی سے اقتدار پر قابض بی جے پی کو محض 92 سیٹوں پر جیت ملنے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ بی جے پی حکومت کے کئی وزرا بھی چناؤ ہار سکتے ہیں۔
رپورٹ میں بیورہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بی جے پی آئندہ چناؤ میں بری طرح پچھڑ رہی ہے۔ رپورٹ میں بی ایس پی کو 6 اور ایس پی کو 3 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے لیک ہونے کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر شیوراج سنگھ کا خوب مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ ٹوئٹر پر لوگ ’ماما تو گیو‘ ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹوئٹ کر کے شیوراج حکومت کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے اس رپورٹ کے انکشاف کا ٹوئٹ کیا گیا ہے۔