لکھنؤ،09 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)بھارت بند کے دوران لکھنؤ میں زبردستی دکانیں بند کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سب انسپکٹر رام سدھاریادو کو معطل کردیا گیا ہے۔ منگل کے روز اترپردیش میں سماج وادی پارٹی سمیت متعدد جماعتوں نے مظاہرہ کرنے والے کسانوں کی حمایت میں بھارت بند کی حمایت کی تھی۔منگل کے روز لکھنؤ میں ایک ویڈیو وائرل ہو رہی تھی۔ اس ویڈیو میں سب انسپکٹر رام سدھار یادو کو اپنے علاقے میں زبردستی دکانیں بند کراتے دیکھا گیا۔
لکھنؤ پولیس نے اس ویڈیو پر نوٹس لیا ہے۔ لکھنؤ کے پولیس کمشنر ڈی کے ٹھاکر نے بتایا کہ سروجنی نگر پولیس چوکی کے انچارج سدھیر یادو کو اپنے علاقے میں دکانیں بند کرانے پر معطل کردیا گیا ہے۔محکمہ پولیس نے بتایا ہے کہ وائرل ویڈیو میں رام سدھاریادو کو سروجنی نگر علاقے میں سونو گپتا اور شبھم گپتا کی مٹھائی کی دکانوں کو زبردستی بند کراتے دیکھا گیا۔ اس ویڈیو کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ پولیس نے ان کے خلاف کارروائی کی ہے۔
ایس آئی رام سدھاریادو کے خلاف کارروائی سے قبل ان کے خلاف ابتدائی تحقیقات کی گئیں۔ اس دوران پہلی نظر میں اسے غیر قانونی طور پر دکانیں بند کرانے کا مجرم قرار پایا گیا۔واضح رہے کہ اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے کہا تھا کہ ریاست میں بھارت بند کا نفاذ نہیں کیا جائے گا اور تمام سرگرمیاں پہلے کی طرح جاری رہیں گی۔ منگل کو بھارت بند کے باوجود دارالحکومت لکھنؤ میں بیشتر مارکٹ کھلی ہوئی تھیں۔ سماج وادی پارٹی کارکنوں نے جب دارالحکومت میں مارکٹ کو بند کرانا چاہا تو اس دوران ان کا پولیس کے ساتھ تصادم ہوا۔