نئی دہلی، 8؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) ملک بھر میں دیوالی کا تہوار دھوم دھام سے منایا جارہا ہے ۔ دہلی کے مسلم علاقوں میں بھی دیوالی کی دھوم دیکھنے کو مل رہی ہے ، لیکن خاص بات یہ ہے کہ سیاسی نفرت کے باوجود دیوالی میں ہندو اور مسلم بھائی چارہ بھی بخوبی نظر آرہا ہے۔
دہلی کے چاندنی چوک علاقہ میں فتح پوری مسجد کے مین گیٹ پر جہاں شہاب الدین دیوالی کے گفٹ فروخت کرتے نظر آئے تو وہیں ان کے بغل میں گریش چاولہ کی مٹھائیوں کی دکان پر بھی کافی بھیڑ دکھائی دی ۔ گزشتہ 10 سالوں سے دونوں ایک ساتھ دیوالی مناتے ہیں اور یہ دوستی آج بھی قائم ہے ۔
ادھر مسجد فتح پوری کے امام مفتی مکرم کا کہنا ہے کہ دیوالی روشنیوں اور سچائی کا تہوار ہے اور اسلام میں ہر مذہب کا احترام کرنےکیلئے کہا گیا ہے ۔ وہیں یہاں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ دیوالی سب مل کر مناتے ہیں اور یہی دہلی کی گنگا جمنی تہذیب اور روایت ہے۔