بغداد میں سعودی سفیر کو دھمکیاں
بغداد،20جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)عراق میں سعودی عرب کے خلاف وہاں کے انتہا پسند اور ایران نواز فرقہ پرست عناصر کی جانب سے شرانگیز مہم ایک بار پھر اپنے عروج پر ہے اور اس بار بغداد میں سعودی عرب کا سفارت خانہ اور سعودی سفیر اس مہم کے نشانے پر ہیں۔ذرائع کے مطابق عراق میں مملکت سعودی عرب کے خلاف جاری شر انگیز مہم ان ایران نوازعناصر کی سازش ہے جنہیں خطے میں سعودی عرب کا قائدانہ کردار اور عراق میں سعودی عرب کی ریلیف سرگرمیاں ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں ہو پا رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فرقہ پرست عناصر ریاض کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔سعودی عرب کے خلاف جاری شر انگیز مہم کا نشانہ بغداد میں متعین سعودی سفیر اور دیگر سفارتی عملہ ہے۔ ایران نواز ایک گروپ کی جانب سے سعودی سفیر ثامر السبھان کو مسلسل تنقید اور طعن تشنیع کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ سارا تماشا ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب سعودی عرب کا سفارت خانہ اور پورا سفارتی عملہ عراق میں جنگ سے متاثرہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں دن رات مصروف عمل ہے۔سفارت خانے کو خطرہ ہے کہ سفیر ثامر السبھان کے خلاف جاری فرقہ وارانہ مہم پر تشدد واقعات کی شکل نہ اختیار کر جائے۔سفیر السبھان کا کہنا ہے کہ انہیں عراق میں مختلف حلقوں کی جانب سے سنگین نتائج کی دھکیاں موصول ہوئی ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے عراقی حکام کو بروقت مطلع بھی کردیا ہے۔ بغداد سرکار پر واضح کردیا گیا ہے کہ سعودی سفیر اور دیگر سفارتی عملے کو دی جانے والی دھمکیوں کے نتائج کی وہ ذمہ دار ہوگی۔ عراق حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کو نکیل ڈالے اور سعودی عرب پر بلا جواز تنقید کرنے والوں کا منہ مند برائے۔ایران کی جانب سے عراق میں فرقہ پرست عناصر کی بھرپور معاونت اور مدد کی جا رہی ہے۔ ایران نے یہاں تک الزام عاید کیا ہے کہ سعودی عرب امدادی سرگرمیوں کی آڑ میں عراق میں آبادیاتی تبدیلی کی سازشیں کررہا ہے حالانکہ اس طرح کی سازشیں خود ایران کے خلاف ثابت ہو رہی ہیں۔بغداد میں سعودی سفیر کیخلاف سازشیں ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب انہیں داعش کے خلاف آپریشن کے نتیجے میں آزاد کرائے گئے فلوجہ شہر کے دورے کی دعوت بھی دی گئی ہے۔