بھوپال، 8/دسمبر (آئی این ایس انڈیا)ایم پی میں اب عوام سیدھے میئر اور میونسپل صدر کا انتخاب کریں گے۔ شیو راج کابینہ نے کمل ناتھ حکومت کے دوران ایک سال قبل کئے گئے فیصلے کو الٹ دیا ہے۔
خیال رہے کہ کمل ناتھ چاہتے تھے کہ کونسلر س مشترکہ طور پر میئر یا میونسپل صدر کا انتخاب کریں، اس کے پیچھے استدلال یہ تھا کہ یہ جمہوری طریقہ کار ہے۔جس طرح ملک کے وزیر اعظم اور ریاستوں میں وزیر اعلی کا انتخاب بھی ایم ایل اے اورایم پی کرتے ہیں۔ شیوراج حکومت چاہتی ہے کہ اس کا انتخاب عوام کریں۔منگل کو وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں باہمی معاہدہ کی بنیاد پر بھوپال - اندور میٹرو ریل پروجیکٹ کے لئے اراضی حاصل کئے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔کورونا وبا کی وجہ سے حکومت کے خالی خزانے کو بھرے جانے کے لئے 13 ریاستی شاہراہوں پر ٹول ٹیکس بھی عائد کیا جائے گا۔ پی ڈبلیو ڈی کی اس تجویز کو کابینہ کی منظوری مل گئی ہے۔ ان سڑکوں سے ملنے والا ٹیکس شاہراہ کی دیکھ بھال کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ اس سے حکومت کو لگ بھگ 160 کروڑ روپئے ملنے کی توقع ہے۔
شہری ترقی و رہائشی وزیر بھوپندر سنگھ نے کہا کہ میٹرو ریل منصوبہ کے لئے باہمی معاہدے کی بنیاد پر اراضی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اگر میٹرو کے روٹ پر کہیں کچی آبادی ہے، تو لوگوں کو رہائش فراہم کی جائے گی اور اس کامعاوضہ دیا جائے گا۔