نئی دہلی 29 اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا ؍ایس او نیوز)کانگریس نے سپریم کورٹ کے فیصلوں کے سلسلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر امت شاہ کے تبصرہ کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی صدر کو آئین کا کوئی علم نہیں ہے اور وہ سیاسی روٹیاں سینکنے کے لیے اس طرح کا تبصرہ کرتے ہیں۔
کانگریس کے ترجمان مسٹر ابھیشیک منو سنگھوی نے اتوار کو یہاں صحافیوں کے سوال پر کہا کہ قانون کے علم اورآئینی طریقہ کار کی فہم کے بغیر ہی بی جے پی صدر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے تبصرہ کرتے ہیں۔ کانگریس نے یہ جواب بی جے پی صدر کے اس تبصرہ پر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کو ایسے فیصلے نہیں دیناچاہیے جن کونافذکرنا مشکل ہو۔کانگریس ترجمان نے کہا کہ بی جے پی ہر ادارے کی خلاف ورزی کرنا چاہتی ہے۔ الیکشن کمیشن ہو، سی بی آئی ہو، سی وی سی ہو یہ انفورسمنٹ (ای ڈی ) ہو، ہر ادارے پر بی جے پی تنقید کرتی ہے اور اسے کمزور کرنے کی کوشش کرتی ہے