نئی دہلی، 31اکتوبر (آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز) بایاں محاذ نے ایودھیا معاملہ عدالت میں زیر غور ہونے کے باوجود بی جے پی رہنماؤں کی طرف سے رام مندر کی تعمیر کے بارے میں دئے جا رہے بیانات کو عدالت کی توہین بتاتے ہوئے حکمراں فریق سے کہا ہے کہ انہیں اس طرح کے حساس معاملات میں صرف سیاسی مفاد حاصل کرنے سے بچتے ہوئے سہی رویہ اپنانا چاہیے۔بھارتی کمیونسٹ پارٹی کے راجیہ سبھا رکن ڈی راجہ نے پیر کو کہا کہ ایودھیا معاملے کی سماعت سپریم کورٹ میں زیر غور ہے اور بی جے پی لیڈروں کی طرف سے مندر کی تعمیر کے لیے آرڈیننس لانے جیسے اشتعال انگیز بیان دیئے جا رہے ہیں۔راجہ نے کہاکہ ایسے بیانات کے پیچھے بی جے پی کی منشا محض سیاسی مفاد ہے،بی جے پی لیڈروں کو بھی یہ معلوم ہے کہ مندر کی تعمیر کے لیے آرڈیننس لانا ممکن نہیں ہے۔پارٹی کے جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے کہاکہ بی جے پی کے آرڈیننس راج کی سی پی آئی شروع سے ہی مخالف ہے،حکمراں فریق کو اس معاملے میں ملک کی امن و امان تحلیل کرنے والے بیان دینے کے بجائے عدالت کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔راجہ اور سدھاکر نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ بی جے پی صدر امت شاہ کی طرف سے سبری مالا معاملے میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر کیاگیا تبصرہ عدالت کی واضح توہین ہے۔راجہ نے کہا کہ سبری مالا معاملے میں شاہ نے نہ صرف عدالت کے فیصلے پر منفی رد عمل کا اظہارکیا بلکہ کیرلا میں عوام کی طرف سے منتخب ایل ڈی ایف حکومت کو معزول تک کرنے کی دھمکی دے ڈالی۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اس کی سخت مذمت کرتی ہے اور اشتعال انگیز بیان دے رہے شاہ سمیت دیگر بی جے پی لیڈروں کو ہدایت دیتی ہے کہ انہیں سنبھل کر بولنا چاہیے۔سدھاکر نے کہا کہ بی جے پی کو عوام وقت آنے پر سبق سکھائے گی لیکن اس دوران ملک میں قانون و انتظام اور داخلی سلامتی کے لیے ذمہ دار اداروں کو بی جے پی لیڈروں کے اشتعال انگیز بیانات پر نوٹس لینا چاہیے۔اس دوران سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے شاہ کا نام لیے بغیر ٹویٹ کرکے کہاکہ حکمراں جماعت کے صدر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا کھلے طور پر مذاق بنایا ہے۔یہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی جانب سے آئین اور سپریم کورٹ کی واضح توہین ہے۔