بنگلورو۔ 7 نومبر (ایس او نیوز) رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر سیدناصر حسین نے آج ضمنی انتخابات میں حکمراں اتحاد کی شاندار کامیابی کو بی جے پی کے زوال کا آغاز قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ان نتائج سے ظاہر ہوگیا ہے کہ اگر سیکولر ووٹ متحدد ہوگئے تو فرقہ پرستوں کا وجود ختم ہوجائے گا۔
اپنے آبائی ضلع بلاری میں مسلسل 20 دنوں تک کانگریس امیدوار وی یس اگرپا کے لئے کے پی سی سی صدر دنیش گنڈو راؤ، وزیر آبی وسائل ڈی کے شیوکمار کے علاوہ سینئر مسلم قائدین آر روشن بیگ، سی ایم ابراہیم، نصیر احمد، عبدالجبار، یو ٹی قادر وغیرہ کے ہمراہ انتخابی مہم چلانے والے ناصر حسین نے بتایا کہ بلاری کے مسلمانوں نے بڑے پیمانے پر ووٹنگ کی، جہاں اوسط پولنگ 62 فیصد درج ہوئی ہے، وہیں مسلمانوں کی ووٹنگ شرح 70 فیصد سے زائد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات سے قبل ان کی قیادت میں جگہ جگہ اقلیتوں کے اجلاس منعقد ہوئے تھے، جس میں پارٹی صدر دنیش گنڈو راؤ نے بھی شرکت کی تھی۔ علاوہ ازیں عمائدین و ذمہ داران مساجد کے اجلاس میں فیصلہ لیا گیا تھا کہ خطبات جمعہ کے ذریعے ووٹنگ کی اہمیت اجاگر کی جائے۔ وہاں کے مسلمان اس بات سے خوش ہیں کہ 70 سال بعد ایک مسلمان کو راجیہ سبھا کا رکن بنایا گیا ہے، اور ان انتخابات کے ذریعے وہاں کے مسلمانوں نے کانگریس پارٹی کا شکریہ ادا کیا ہے۔انتخابی مہم کے دوران بھی مذکورہ مسلم قائدین نے کھلے الفاظ میں اس بات کا اعتراف بھی کیا تھا کہ صرف کانگریس پارٹی کے ذریعے ہی مسلمانوں کو سیاسی نمائندگی مل سکتی ہے۔
انہوں نے بلاری میں انتخابی مہم چلانے والے تمام مسلم قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی کے مسلم قائدین نے متحد ہوکر کانگریس امیدوار کی کامیابی کے لئے جدوجہد کی۔