ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / رام جس کالج تنازعہ :گرمیہر کور کو ریپ کی دھمکی معاملہ میں ایف آئی آر درج

رام جس کالج تنازعہ :گرمیہر کور کو ریپ کی دھمکی معاملہ میں ایف آئی آر درج

Tue, 28 Feb 2017 18:08:08  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی،28؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کارگل شہید کی بیٹی گرمیہر کور معاملہ میں آج نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔رام جس کا لج کی طالبہ گرمیہر کور کو مبینہ طور پر اے بی وی پی کے کارکنان کی طرف سے ریپ کی دھمکیاں مل رہی تھیں ۔دہلی خواتین کمیشن کی جانب سے پولیس کو کل ایک خط بھیجا گیا تھا، جس میں گرمیہر کور(20)کو دھمکی دینے والوں کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کرنے کامطالبہ کیا گیا تھا ۔سینئر افسر نے بتایا کہ ایف آئی آر انفارمیشن ٹیکنالوجی قانون اور تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت درج کی گئی ہے۔دہلی پولیس نے اس سلسلے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ کل دہلی خواتین کمیشن نے دہلی یونیورسٹی کی ایک طالبہ کو آن لائن مل رہی دھمکیوں کے سلسلے میں ایک شکایت بھیجی تھی، اس کے بعد فوری طور پر اس علاقے کے ڈپٹی پولیس کمشنر نے طالبہ سے بات کی اور ضروری سیکورٹی فراہم کرائی۔غورطلب ہے کہ کور نے گزشتہ ہفتے اپنافیس بک پروفائل تبدیل کیا تھا،جس میں سے ایک میں وہ ہاتھ میں پلے کارڈ لیے ہوئی تھیں اور اس پر لکھا تھا،’میں دہلی یونیورسٹی کی طالبہ ہوں، میں اے بی وی پی سے نہیں ڈرتی ہوں، میں اکیلی نہیں ہوں، ہندوستان کے سبھی اسٹوڈنٹ میرے ساتھ ہیں، اسٹوڈنٹ اگینسٹ اے بی وی پی‘۔واضح رہے کہ رام جس کالج میں گزشتہ ہفتے آئیسا اور اے بی وی پی کے طلبا ء کے درمیان تنازعہ پیداہوگیاتھا، یہ تنازعہ دراصل اس وقت شروع ہوا جب جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طالب علم عمر خالد اور شہلا راشد کو ایک سیمینار ’کلچرآف پروٹسٹ ‘میں شرکت کی دعوت بھیج گئی حالانکہ دعوت کو کالج انتظامیہ نے اے بی وی پی کی مخالفت کے بعدواپس لے لیاتھا۔ اس واقعہ کے بعدجھڑپ شروع ہو گئی ۔


Share: