نئی دہلی، 28جون؍(آئی این ایس انڈیا)پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پرہوئے حملے کے پس منظر میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے جموں و کشمیر میں موجودہ سیکورٹی حالات کا جائزہ لیا اورسیکورٹی فورسز کو چوکسی بڑھانے کی ہدایت دی۔تقریبا ایک گھنٹے کی میٹنگ کے دوران وزیرداخلہ کو جموں وکشمیر کے اندر اور ملک کے باقی حصے کے سیکورٹی حالات اور امن کو یقینی بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں معلومات دی گئیں۔اس اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال،مرکزی داخلہ سکریٹری راجیومہرش،انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہ اور دوسرے سینئر افسر ان شامل تھے۔اس میں سرحد پار دراندازی سمیت سیکورٹی سے متعلق اطلاعات اور اٹھائے گئے اقدامات کا تجزیہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے روز پلوامہ میں دہشت گردانہ حملے میں سی آر پی ایف کے8 جوانوں کے مارے جانے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سنگھ نے افسران کو جموں و کشمیر میں سیکورٹی مضبوط بنانے اور چوکسی بڑھانے کی ہدایت دی۔پلوامہ حملے کے تناظر میں وزیر داخلہ نے پہلے ہی تین رکنی ٹیم کی تشکیل کر دی ہے جو خامیوں پر غور کرے گی اور اگر کوئی خامی پائی جاتی ہے تو اسے دور کیا جائے گا۔یہ ٹیم ممکنہ سر حد پار دراندازی اور نیم فوجی فورسز کے ادھر ادھر جانے کے دوران اسی طرح کے حملے ہونے کے خدشہ کے پہلو پر بھی غور کرے گی۔