ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / دہلی: پوش علاقہ میں بندوق کی نوک پر ڈکیتی، گھریلو ڈرائیورہی نکلا ماسٹر مائنڈ

دہلی: پوش علاقہ میں بندوق کی نوک پر ڈکیتی، گھریلو ڈرائیورہی نکلا ماسٹر مائنڈ

Mon, 14 Dec 2020 19:36:13  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی،14/دسمبر (آئی این ایس انڈیا)جنوبی دہلی کے پوش علاقے میں سینک فارم کی ایک کوٹھی میں خواتین اور بچوں کو یرغمال بناکر سنسنی خیز ڈکیتی کا انکشاف ہوا ہے۔اس ڈکیتی کی واردات کو انجام دینے والا ڈرائیور ہی نکلا۔ پولیس نے ڈکیتی کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ 9

دسمبر شام ساڑھے چار بجے کے لگ بھگ، جنوبی دہلی میں رہنے والی ایک خاتون نے دہلی پولیس کو شکایت دی کہ 6 سے 7 افراد خاتون کے فلیٹ کے اندر داخل ہوئے۔ جس میں پہلے ایک لڑکا کورئیر بوائے بن کر  آیا تھا۔خاتون نے اپنی شکایت میں کہا کہ جیسے ہی مین دروازہ کھولا،دوسرے بدمعاش گھر میں داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پراس کو اور اس کے بچوں کو یرغمال بنا لیا اور گھر میں 4 لاکھ نقد رقم، 4 سونے کی زنجیریں، 1 سونے کے ہیرے کا کنگنا،چاندی کے زیورات سمیت کئی قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔  فرار ہونے کے دوران عمارت میں نصب سی سی ٹی وی کے ڈی وی آر بھی بدمعاش لے کر چلتے بنے۔

خاتون کی شکایت پر پولیس نے دہلی کے نیب سرائے تھانے میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ دن دہاڑے پوش ایریا میں گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر لوٹ مار کے اس واقعے سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی تھی۔ جنوبی دہلی کے ڈی سی پی اتول ٹھاکر نے کئی ٹیمیں تشکیل دیں۔ پولیس ٹیم کو اس وقت کامیابی حاصل ہوئی جب قریب نصب سی سی ٹی وی کی تلاشی لی گئی تو معلوم ہوا کہ 9 دسمبر کو 4 بج کر 20 منٹ پر 5 شرپسند 2 پلسر بائک اور اسکوٹی پر آئے اور جرم کے انجام کے بعد علاقہ سے چلے گئے۔

تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ موٹر سائیکل کا نمبر جعلی تھا۔ شناخت چھپانے کے لئے  بدمعاشوں نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے۔ گھر میں داخل ہونے کے لئے کورئیر بوائے کے طریقہ کار کا استعمال کیا۔  بدمعاشوں نے اپنے ہاتھوں میں دستانے اور ماسک لگائے تھے، تاکہ پولیس کی ٹیم فنگر پرنٹ حاصل نہ کرسکے اور ماسک سے ان کی شناخت نہ ہو۔

پولیس ٹیم نے واقعے سے ملنے والے سی سی ٹی وی کی تفتیش کو آگے بڑھاتے اس روٹ کے تمام سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالے تو پتہ چلا کہ ملزمان ذاکر نگر کے علاقہ پہنچے تھے۔ طویل تفتیش کے بعد پولیس ٹیم نے ارمان خان کو گرفتار کرلیا، جس پر پہلے بھی متعدد مقدمات درج ہیں۔ارمان سے تفتیش کرنے کے بعد، باقی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار 5 بدمعاشوں میں سے ایک، جس کا نام شیو سنگھ ہے، وہ متأثرہ کنبہ کا ڈرائیور ہے۔ اسی نے گرفتار دیگر بدمعاشوں کے ساتھ لوٹ کا منصوبہ بنایا تھا اور پھر اس واقعے کو انجام دے دیا گیا۔

پولیس کے پاس ملزم کے پاس 9 ایم ایم پستول ہے۔ ایک چوری کی گئی موٹرسائیکل، ایک اسکوٹی، جو واقعہ میں استعمال کی گئی تھی اور ڈکیتی کے 45 ہزار روپے نقد برآمد ہوئے ہیں۔


Share: