ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / دبئی کے عالمی حفظِ قرآن مقابلے میں یو ٹی قاد ر کی دخترحافظہ نسیمہ حوا کریں گی ہندوستان سے نمائندگی

دبئی کے عالمی حفظِ قرآن مقابلے میں یو ٹی قاد ر کی دخترحافظہ نسیمہ حوا کریں گی ہندوستان سے نمائندگی

Thu, 01 Nov 2018 19:19:35  SO Admin   S.O. News Service

منگلورویکم نومبر(ایس او نیوز) جنوبی کینرا ضلع انچارج وزیر جناب یوٹی قادر کی دختر حوا نسیمہ دبئی میں منعقد ہونے والے خواتین کے بین الاقوامی قرآن ایوارڈ مقابلے میں ہندوستان سے نمائندگی کرنے والی واحدحافظہ ہوگی۔

حفظِ قرآن کایہ سالانہ بین الاقوامی مقابلہ دبئی کلچرل اینڈ سائنٹفک ایسو سی ایشن کی جانب سے گزشتہ تین سال قبل2016میں شروع کیا گیا تھا۔ یہ ایوارڈمتحدہ عرب امارات کے بانی صدرشیخ زاید بن سلطان النہوان کی اہلیہ شیخہ فاطمہ بنت مبارک کے نام منسوب ہے جنہیں وہاں کے عوام پیار سے’ مادرِ عرب امارات‘ کے نام سے یاد کرتے ہی ۔ مقابلہ جیتنے والی حافظہ کو 2.5لاکھ درہم نقد (تقریباً پچاس لاکھ روپے ) حکومت متحدہ عرب امارات کی جانب سے بطور انعام دئے جاتے ہیں۔یہ مقابلہ 25سال سے کم عمر کی حافظ قرآن خواتین کے درمیان ہواکرتا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ چھ مہینوں کے دوران حکومت عرب امارات کی طرف سے مختلف مرحلوں پر جانچ کے بعد جناب یوٹی قادر صاحب کی دخترحوا نسیمہ کو4 سے 16نومبر کے درمیان ہونے والے اس مقابلے میں شرکت کے لئے چن لیا گیا ہے اور وہ ان63شرکاء میں شامل ہے جن کا انتخاب 70ممالک سے کیا گیا ہے۔

حوا نسیمہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ کچھ برسوں پہلے جناب یوٹی قادر صاحب اپنے خاندان کے ساتھ حج پر گئے ہوئے تھے۔ اتفاق ان کی یہ بیٹی حوانسیمہ بھیڑ میں گم ہوگئی۔ بہت ہی تلاش اور جستجو کے بعد بھی اس کا کوئی پتہ نہیں چلا توقادر صاحب او ران کی اہلیہ نے حرم میں خلوص دل سے دعا کی اوراللہ کے حضور یہ ارادہ ظاہر کیاکہ ان کی بیٹی انہیں مل گئی تو وہ اسے حافظ قرآن بنائیں گے۔پھر کچھ وقفے کے بعدحوانسیمہ کا پتہ چل گیاتو ہندوستان واپس لوٹنے پر اس جوڑے نے اپنی بیٹی کو حفظِ قرآن کے لئے مدرسے میں داخل کروادیا۔اب حوانے حفظ مکمل کرلیا ہے ۔ اس کی مزید دینی تعلیم کیرالہ کے مدنی قرآن اکیڈمی کاڈالنڈی ملاپورم میں ہورہی ہے، جبکہ اس کی عصری تعلیم منجیری ملاپورم کے سرکاری ہائی اسکول میں جاری ہے اوروہ ۹ ویں جماعت کی طالبہ ہے۔


Share: