راجیہ سبھا میں اپوزیشن نے ای وی ایم سے چھیڑ چھاڑ کا الزام لگایا
نئی دہلی، 22؍مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اپوزیشن نے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی تاریخی جیت کو لے کر راجیہ سبھا میں آج ای وی ایم سے چھیڑ چھاڑ کے خدشہ کا اظہار کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن کو وی وی پی اے ٹی کے لیے ضروری رقم دستیاب نہ کرائے جانے سے حکومت کی منشامیں کھوٹ نظرآتاہے۔ایوان بالامیں انتخابی اصلاحات پر قلیل مدتی بحث کے دوران اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے حالیہ اسمبلی انتخابات، خاص طور پر اتر پردیش میں بی جے پی کی زبردست جیت کے پیش نظر الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم )سے چھیڑ چھاڑ کے خدشہ کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کے رویے سے ایسا لگتا ہے کہ دال میں کالا نہیں، بلکہ پوری دال ہی کالی ہے۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2013میں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ای وی ایم مشینوں کے ساتھ ووٹر ویریفائڈ پیپرآڈٹ ٹرائل(وی وی پی اے ٹی )کا انتظام کرنے کو کہا تھا۔2014میں الیکشن کمیشن نے مرکزی حکومت سے اس نظام کے لیے 3100کروڑ روپے کی مطلوبہ رقم کے مطالبہ کے لیے مکتوب لکھا، جب حکومت سے رقم نہیں ملی ،تو الیکشن کمیشن نے تقریباََ10ریمائنڈر بھیجا ۔آخر میں چیف الیکشن کمشنر کو خود وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھنا پڑا۔آزاد نے کہا کہ حکومت کے رویہ کی وجہ سے اب تک تمام ای وی ایم میں وی وی پی اے ٹی کا بندوبست نہیں ہو پایاہے ۔اس کا مطلب ہے کہ حکومت کی نیت میں کھوٹ تھا۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ دال میں کالا نہیں، بلکہ پوری دال ہی کالی ہے۔