حیدرآباد 29اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا/ ایس او نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر امت شاہ نے حیدرآباد میں اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کا بگل پھونک دیا ہے ۔ حیدرآباد میں منعقد ایک سیاسی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے لوگوں سے کہا کہ ایک بار پھر نریندر مودی کی حکومت بنوادیں تو کشمیر سے کنیا کماری تک مبینہ در اندازوں کو چن چن کر نکال دیا جائے گا۔
حیدرآباد میں شاہ قومی مسائل پر جم کر بولے۔ تمام ریاستوں میں کانگریس کی ہار اور بی جے پی کے بڑھتی مبینہ عوامی حمایت کا ذکرکیا اور ساتھ ہی کانگریس صدر راہل گاندھی پر بھی خوب برسے۔آسام میں این آرسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی این آرسی لے کر آئی اور 40 لاکھ لوگوں کو مبینہ طور پر دراندازوں کے طور پر نشان زد کیا ۔یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے اور ہم اس پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کرتے ہیں۔
حیدرآباد کے ہر دل عزیز اور اثرانداز رہنما اسد الدین اویسی پر حملہ بولتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے خوف سے تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد لبریشن ڈے منانا چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد وہ مقام ہے جہاں سے سردار پٹیل جی نے ’شنکھ ناد‘ کیا تھا۔ انہوں نے اس موقع پر اپوزیشن اور کانگریس صدر راہل گاندھی پر تضحیک آمیز لہجہ میں کہا کہ ’’راہل بابا! ہم ساڑھے چار سالوں کا حساب آپ کو نہیں دینا چاہتے ہیں ؛کیوں کہ آپ کو حساب مانگنے کا حق نہیں ہے ۔ کانگریس نے چار نسل تک حکومت کی، لیکن غریبوں کے لئے کچھ نہیں کیا۔