ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / حیدر آباد کے میونسپل کارپوریشن الیکشن میں اسدالدین اویسی نے ڈالا ووٹ

حیدر آباد کے میونسپل کارپوریشن الیکشن میں اسدالدین اویسی نے ڈالا ووٹ

Tue, 01 Dec 2020 09:24:18  SO Admin   S.O. News Service

حیدرآباد،یکم  دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے لئے ووٹنگ جاری ہے۔ اسد الدین اویسی کے گڑھ مانے جانے والے اس علاقے کے میونسپل الیکشن میں بی جے پی بھی پورے دم خم کے ساتھ اتری ہے۔ اس الیکشن میں اسمبلی اور پارلیمانی الیکشن کی طرح انتخابی تشہیر کی گئی اور کئی قومی سطح کے لیڈران میدان میں اترے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے 150 وارڈوں کے الیکشن کے لئے 74,44,260 رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے۔ ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی جو شام 6 بجے تک چلے گی۔ اس الیکشن میں 150 سیٹوں پر 1،122 امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹوں کی گنتی 4 دسمبر کو ہو گی۔

جی ایچ ایم سی الیکشن کے لئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ یہاں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے صبح صبح ووٹ ڈالا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ وہ حیدرآباد کے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے ووٹ ڈالیں۔

اویسی نے کہا '' میں نے اپنے آئین کے اختیار سے اپنی پسند کا اظہار کیا ہے۔ میں حیدرآباد کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ ووٹ کا استعمال کریں۔ یہاں کی زبان اور تہذیب کے لئے ووٹ کریں اور زیادہ سے زیادہ ووٹ کریں اور جمہوریت کو مضبوط کریں''۔ انہوں نے کہا '' میں اس لئے اپیل کر رہا ہوں کہ آپ نکل کر اپنے ووٹ کا استعمال کیجئے۔ زیادہ تر دیکھا یہ جا رہا ہے کہ شہری علاقوں میں پولنگ فیصد مسلسل کم ہو رہا ہے۔ بیلٹ پیپر کا کافی برسوں کے بعد یہاں استعمال ہو رہا ہے۔ یہ الیکشن حیدرآباد مستقبل کے لئے لڑا جا رہا ہے، ہماری لڑائی ان سے ہے جو حیدرآباد کو بدلنا چاہتے ہیں''۔

بشکریہ: اردو نیوز 18


Share: