برلن،17جون(آئی این ایس انڈیا)جرمنی میں مبینہ طور پر ایک جِن کے قبضے میں آئی ہوئی عورت کو آزاد کرانے کے لیے اسے مار مار کر ہلاک کر دینے کے الزام میں پانچ جنوبی کوریائی باشندوں پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ یہ قتل فرینکفرٹ کے ایک ہوٹل میں ہوا تھا۔جرمنی کے مالیاتی مرکز فرینکفرٹ سے موصولہ نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق اس شہر میں ریاستی دفتر استغاثہ نے بتایا کہ مقتولہ کی عمر 41برس تھی۔ اس قتل کے سلسلے میں جو پانچ افراد زیر حراست ہیں، ان میں سے تین ایک جنوبی کوریائی خاندان سے تعلق رکھنے والے بالغ افراد ہیں جبکہ باقی دو نابالغ ہیں اور ان کی عمریں 15 اور 16 برس ہیں۔ان ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے فرینکفرٹ کے ایک ہوٹل کے کمرے میں ایک ایسی 41 سالہ خاتون کو، جس میں مبینہ طور پر ایک جِن داخل ہو گیا تھا، اس جِن سے نجات دلانے کے لیے اتنا مارا تھا کہ وہ خاتون ہلاک ہو گئی تھی۔ دفتر استغاثہ کے مطابق ملزمان پر اب قتل کے الزام میں باقاعدہ فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔وفاقی جرمن دفتر استغاثہ کی فرینکفرٹ میں مقامی ترجمان نادیہ نِیزن نے ڈی پی اے کو بتایا، یہ ملزمان ایک خاتون کو کسی جِن کے مبینہ قبضے سے آزاد کرانے کے لیے اسے پیٹتے ہوئے اپنی کوئی ثقافتی روحانی رسم پوری کر رہے تھے۔نادیہ نِیزن نے بتایا کہ پانچ ملزمان میں ایک 44 سالہ خاتون، اس کا 22 سالہ بیٹا اور 19 سالہ بیٹی بھی شامل ہیں جبکہ باقی دونوں ملزمان دو ایسے لڑکے ہیں، جن کی عمریں 15 اور 16 برس ہیں۔ پراسیکیوٹرز کے مطابق مقتولہ بھی، جس کا نام نہیں بتایا گیا، جنوبی کوریا ہی کی ایک شہری تھی اور اسے گزشتہ برس دسمبر میں قتل کیا گیا تھا۔ڈی پی اے نے استغاثہ کے حوالے سے لکھا ہے کہ مقتولہ کے سینے اور پیٹ پر تشدد کے واضح نشانات تھے لیکن پوسٹ مارٹم سے یہ پتہ بھی چلا تھا کہ اس کی موت دم گھٹنے سے واقع ہوئی تھی۔ یہ بات ابھی تک واضح نہیں کہ آیا انتقال کر جانے والی خاتون نے خود ان ملزمان کو یہ اجازت دی تھی کہ وہ اس طرح تشدد کر کے اس کا جِن نکال دیں۔عدالتی دستاویزات کے مطابق جس تین رکنی جنوبی کوریائی خاندان پر قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے، وہ اس قتل کے واقعے سے قریب چھ ہفتے قبل فرینکفرٹ پہنچا تھا۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس خاندان کا تعلق کس مذہب سے ہے۔ زیر حراست دونوں نابالغ لڑکوں میں سے ایک کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ شاید مقتولہ کا کوئی رشتے دار ہے۔اس مقدمے کے سلسلے میں یہ بات بھی اہم ہے کہ جرمن تفتیشی ماہرین کو اس ہلاکت کی چھان بین کے دوران روحانی طور پر جِن نکالنے یا شیطان کے قبضے سے نجات دلانے کے ایک اور واقعے کا علم بھی ہوا تھا۔ اس واقعے میں بھی متاثرہ فرد ایک خاتون ہی تھی۔اس خاتون کو تاہم حکام فرینکفرٹ کے نواحی قصبے زُلس باخ میں کرائے کے ایک مکان سے زندہ بچا لینے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ یہ خاتون بھی مار پیٹ کے نتیجے میں شدید زخمی تھی اور اس کا جسم پانی کی شدید کمی کا شکار تھا۔ اس خاتون کا جِن نکالنے کا کام بھی ایک ہی جنوبی کوریائی خاندان کے وہی تین بالغ ارکان کر رہے تھے، جو تب تک حراست میں لیے جا چکے تھے۔