ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ترکی نے سعودی عرب کو پوچھا، بتائیے ، خشوگی کہاں دفن ہیں ؟

ترکی نے سعودی عرب کو پوچھا، بتائیے ، خشوگی کہاں دفن ہیں ؟

Sat, 27 Oct 2018 17:59:07  SO Admin   S.O. News Service

واشنگٹن 27اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا ؍ایس او نیوز)ترک صدر رجب طیب اردوان نے جمعہ  کے روز سعودی عرب پر زور دیا کہ وہ اْس مقام کے بارے میں انکشاف کرے جہاں مقتول سعودی صحافی جمال خشوگی دفن ہیں؛ اور ’’تعاون کرنے والے‘‘ مقامی باشندے کی شناخت ظاہر کی جائے جس نے مبینہ طور پر نعش کو ٹھکانے لگایا، جس کو  سعودی قونصل خانے میں  ہلاک کیا گیا تھا۔

ترکی کے پارلیمان میں ’انصاف اور ترقی پارٹی‘ کے صوبائی ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے، اردوان نے کہا کہ صحافی کے قتل سے متعلق ترکی کے پاس مزید ثبوت موجود ہیں۔ تاہم، اْنھوں نے مزید تفصیل پیش نہیں کیے۔اْنھوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کے چیف پراسیکیوٹر اتوار کے روز استنبول کا دورہ کریں گے جہاں وہ ترکی کے اہلکاروں سے ملاقات کریں گے، جو خشوگی کے قتل کی تفتیش کا ایک حصہ ہے۔جمعرات کے روز ایک بیان میں سعودی عرب نے اس بات کو تسلیم کیا کہ معلوم ہوتا ہے خشوگی کی موت ’’منصوبہ بندی کے تحت‘‘ ہوئی، جس بات کا ثبوت ترکی نے فراہم کیا ہے۔جو بات غیر واضح ہے وہ یہ کہ اس ’قتل عمد‘ میں کون ملوث ہے۔سعودی بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’وکلائے استغاثہ مشکوک افراد سے تفتیش کر رہے ہیں۔۔۔ تاکہ انصاف کا بول بالا ہو‘‘۔ سعودیوں نے ہلاکت کے واقعے میں ملوث پانچ افراد کو عہدے سے فارغ کر دیا ہے، جب کہ 18 مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔بین الاقوامی ناقدین نے، جن میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ بھی شامل ہیں، کہا ہے کہ قتل کی اصل ذمے داری ملک کے فی الواقع حکمراں، ولی عہد محمد بن سلمان کی ہے۔جمعے کے روز روس نے کہا ہے کہ اْس کے خیال میں صحافی کے قتل میں سعودی شاہی خاندان ملوث نہیں ہے۔


Share: