ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ترک فوج کی فائرنگ سے گیارہ شامی مہاجر ہلاک، سیریئن آبزرویٹری

ترک فوج کی فائرنگ سے گیارہ شامی مہاجر ہلاک، سیریئن آبزرویٹری

Mon, 20 Jun 2016 16:16:24  SO Admin   S.O. News Service

انقرہ،20جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ترک سرحدی محافظوں نے ملکی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے گیار شامی مہاجرین کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ ایک مانیٹرنگ گروپ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار بچے بھی شامل ہیں۔نیوز ایجنسیوں اے ایف پی اور روئٹرز کے مطابق یہ شامی مہاجرین بروز اتوار شام کے شمال مغربی علاقے سے سرحد عبور کر کے ترک ریاستی علاقے میں داخل ہو رہے تھے۔ برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ان شامی ہلاک شدگان میں سے زیادہ تر کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، جن میں چار بچے اور دو عورتیں بھی شامل تھے۔شام میں سرگرم انسانی حقوق کے کئی کارکنوں نے بھی ترک فوج کی فائرنگ سے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جب کہ شامی اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے اخبار اوریئنٹ نیوز نے بھی گیارہ ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے۔ہلاک ہونے والے شامی تارکین وطن ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب شام کے شمال مغربی علاقے جسر الشغور کے نواح میں سرحد پار کر کے ترکی میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔شامی تنازعے پر نظر رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومین رائٹس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سال کے آغاز سے اب تک خانہ جنگی کے شکار اس ملک سے ہجرت کر کے ترکی داخلے کی کوشش کرنے والے کُل ساٹھ کے قریب مہاجرین مختلف اوقات میں ترک سرحدی دستوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔اے ایف پی کے مطابق ترک حکام سے اس واقعے کی تصدیق کے لیے رابطے کیے گئے تاہم انہوں نے کوئی جواب نہ دیا۔ترکی شام میں اسد حکومت کے خاتمے کے لیے لڑنے والے جنگجوؤں کی مدد کرنے میں پیش پیش ہے تاہم اب اس نے شامی مہاجرین کے لیے اپنی ملکی سرحدیں بند کر دی ہیں۔ ترکی میں 27 لاکھ سے زائد شامی مہاجرین پناہ لیے ہوئے ہیں، جن میں سے صرف دو لاکھ 80 ہزار مہاجر کیمپوں میں مقیم ہیں۔حالیہ مہینوں کے دوران داعش کے زیر تسلط شامی علاقوں سے ترکی کی حدود میں متعدد راکٹ حملے کیے گئے جن کے باعث کم از کم بیس ترک شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی متعدد سماجی تنظیمیں ترکی سے مطالبہ کر رہی ہیں کہ وہ ان حالات کے باوجود شامی مہاجرین کے لیے اپنی قومی سرحدوں کو کھلا رکھے۔


Share: