ترونت پورم 30 اکتوبر (آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز) بی جے پی صدر امت شاہ نے پہاڑ پر واقع سبری مالا مندر کی 17 نومبر سے شروع ہونے والے سالانہ ’درشن‘کے دوران مندر میں پوجا ارچنا کی خواہش ظاہر کی ہے۔ یہ بات بی جے پی کے ایک رہنما نے پیر کو کہی۔شاہ نے ان شردھالوؤں کے تئیں اپنی پارٹی کی حمایت کا اظہار کیا ہے جو ایپا مندر میں تمام عمر کی خواتین کے داخلہ کی مخالفت کررہے ہیں ۔بی جے پی کے کیرل یونٹ کے ایک سینئر لیڈر نے کہاکہ بی جے پی صدر نے سبری مالا مندر جانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اگرچہ ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔شاہ کی جانب سے سبری مالا مند ر جانے کی خواہش سپریم کورٹ کے فیصلے کو لاگو کرنے کے ریاستی سرکار کے فیصلے کے خلاف مبینہ نام نہاد ’شردھالوؤں‘ کی تحریک کو بی جے پی کی جانب سے مکمل حمایت کا اعلان کرنے کے کچھ دنوں بعد ظاہر کی گئی ہے۔ امیت شاہ نے سبر مالا مظاہرین کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے وزیر اعلی کی تیکھی تنقید کرتے ہوئے گذشتہ ہفتے دعوی کیا تھا کہ ریاست میں ایک ایمرجنسی جیسی صورت حال ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر ’’ آگ سے کھیلنے‘‘ کا الزام لگایا تھا۔ شاہ نے کہا تھا کہ اگر ریاستی حکومت نے ’’یاتریوں ‘‘کو چوٹ پہنچانا بند نہیں کیا تو بی جے پی کارکن اس حکومت کو گرانے کے لیے پابند ہوں گے ۔ شاہ کے اس تبصرہ پر وجین کی جانب سے سخت رد عمل ظاہر کیا گیا،جنہوں نے بی جے پی صدر کی اس وارننگ کو سپریم کورٹ، آئین اور ملک کی عدالتی نظام پر ایک حملہ قرار دیا۔ واضح ہو کہ مظاہروں کے سلسلے میں پولیس اتوار تک 3500 سے زیادہ افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔ مندر کمپلیکس اور بیس کیمپوں میں بڑی تعداد میں رہ رہے’’ شردھالوؤں‘‘ نے 17 اور 22 اکتوبر کے درمیان مندر کے ماہانہ پوجا کے لئے کھلنے کے دوران ان خواتین کو مندر میں داخل ہونے سے روک دیا جومستحاضہ تھیں۔