پٹنہ 13دسمبر(آئی این ایس انڈیا)بہار اسمبلی انتخابات میں ایل جے پی کو بری طرح شکست ہوئی، ایک نشست کو چھوڑ کر، ایل جے پی کہیں بھی کامیابی حاصل نہیں کرسکی لیکن ایل جے پی حکومت کے خلاف مسلسل ہنگامہ کر رہی ہے۔
بہار میں بڑھتے ہوئے جرائم کے بعد ایل جے پی حکومت کے خلاف آواز اٹھارہی ہے۔ بہارکے محکمہ داخلہ کے سی ایم نتیش کمارکے پاس رہنے پر ایل جے پی وزیراعلیٰ نتیش کمار کو بڑھتے جرائم کا ذمہ دار ٹھہرارہی ہے۔ لوک جن شکتی پارٹی کے لیڈرکرشنا سنگھ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے کہا ہے کہ وہ بہار میں بڑھتے ہوئے جرائم کے لیے صدر راج لگائیں، مرکزی وزیر داخلہ کواسپیڈپوسٹ کیاگیاہے۔
ایل جے پی مرکز میں بی جے پی کے ساتھ این ڈی اے کاایک حصہ ہے۔ بہارمیں بی جے پی حکومت کے ساتھ ہے، یعنی بی جے پی نتیش کمارکی قیادت میں کام کررہی ہے۔ ایل جے پی کے ترجمان راجیش بھٹ کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی این ڈی اے میں ہے اوربہار میں نتیش کمار کی مخالفت جاری رکھے گی۔نتیش کمار پر الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ جنگل راج پارٹ ٹو کی حکومت یہاں چل رہی ہے۔ حالانکہ راجیش بھٹ بی جے پی پر کچھ نہیں بولتے ہیں۔
اسی کے ساتھ بی جے پی کے ترجمان افضل شمشی براہ راست ایل جے پی سے کچھ نہیں کہتے ہیں، لیکن ان کا کہنا ہے کہ جمہوریت میں ہر ایک کو اپنی بات خود بولنے کا حق حاصل ہے۔ اگر کوئی معاملہ دھیان میں لایاجاتا ہے تو حکومت اس پر کام کرتی ہے۔ تاہم بی جے پی کے ترجمان ایل جے پی کو چھوڑ کر آر جے ڈی پر حملہ کرناشروع کردیتے ہیں۔
بہارمیں ان دنوں جرائم کا گراف مسلسل بڑھتا جارہا ہے۔ اس کی تشویش سی ایم نتیش کمار کے چہرے پر واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پندرہ پندرہ دنوں میں تین بار اعلیٰ حکام سے امن و امان کے حوالے سے ملاقات کی ہے۔ ایسی صورتحال میں انتخابات میں ایل جے پی کو شکست دینے والے نتیش کمار کے سامنے، ایل جے پی آر جے ڈی کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کے کردار میں بھی ہے۔
اگرچہ نتیش کمار نے بی جے پی کے اعلیٰ رہنماؤں سے ایل جے پی کے اس طرز عمل کے بارے میں بار بار شکایت کی ہے، لیکن ایل جے پی پر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔