ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کی معروف شخصیت ایس ایم سید خلیل دبئی میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک

بھٹکل کی معروف شخصیت ایس ایم سید خلیل دبئی میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک

Fri, 22 Nov 2024 00:10:39  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل، 21 نومبر (ایس او نیوز): بھٹکل کی معروف شخصیت اور قومی و ملی رہنما ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمن کو دبئی میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔ دبئی اور امارات کے مختلف علاقوں میں مقیم بھٹکل و اطراف کے عوام اور دیگر احباب نے بڑی تعداد میں جنازے میں شرکت کی، جس سے مرحوم کی مقبولیت اور ان کی بے مثال خدمات کا بھرپور اعتراف ہوا۔

بھٹکل مسلم جماعت کے جنرل سکریٹری جناب جیلانی محتشم نے بتایا کہ دوپہر کے وقت تمام کاغذی کارروائیاں مکمل کر لی گئیں، اور عصر کے قریب 3:30 بجے مرحوم کی میت کو دبئی کے القصیص قبرستان (سوناپور) میں واقع مسجد لے جایا گیا۔ یہاں ہزاروں افراد نے مرحوم کا آخری دیدار کیا۔ مغرب کی نماز کے بعد مسجد کے عربی امام نے جنازے سے قبل مختصر خطاب میں خلیل صاحب کی خدمات، ان کی خوبیوں اور ان کے ساتھ اپنے تعلقات کا ذکر کیا۔ بعد ازاں، اسی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

دبئی کے الراس علاقے میں مقیم بھٹکل و اطراف کے لوگوں کو جنازے میں شریک ہونے کے لیے جماعت کی جانب سے تین بسوں کا انتظام کیا گیا تھا، جس سےکثیر تعداد میں لوگوں  کو قبرستان تک پہنچنے میں سہولت ملی۔ دبئی کے علاوہ شارجہ، ابوظبی اور دیگر گلف ممالک و شہروں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ جنازے میں شریک ہوئے۔ بھٹکل سے بھی مرحوم کے کئی قریبی رشتہ دار خصوصی طور پر دبئی پہنچے۔

جناب جیلانی محتشم نے کہا کہ دبئی  یا  کسی بھی قبرستان میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو پہلی بار جنازے میں شریک ہوتے دیکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دبئی میں برسرروزگار تقریباً تمام بھٹکل کے عوام کے ساتھ ساتھ مرڈیشور، منکی، کمٹہ، کاروار، اُڈپی اور مینگلور سے بھی بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔

دبئی جماعت کی جانب سے جمعہ، 22 نومبر کو بعد نماز عشاء، ریڈیسن بلو ہوٹل (ڈیرہ دبئی) میں ایک تعزیتی جلسے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جناب جیلانی محتشم نے دبئی اور اطراف میں مقیم بھٹکل و اطراف کے تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ جلسے میں شرکت کریں اور مرحوم کے لیے دعاؤں میں حصہ لیں۔

 


Share: