بھٹکل: یکم نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل میں فامکو ماربل اینڈ گرینیڈ شوروم کا خوبصورت افتتاح عمل میں آیا اس موقع پر فامکو کے مالک محمد فواّز سکری اور عرفات عسکری نے بتایا کہ اس نئے شوروم میں ہندوستان کی مختلف کمپنیوں کے تیار کردہ ماربل اینڈ گرینیڈ بالکل مناسب داموں پردستیاب ہیں، انہوں نے کہا کہ بھٹکل اور اطراف کے عوام کی پسند کا خیال رکھتے ہوئے اس شوروم میں مختلف ڈیزائن اور نت نئے ماربل اور گرینیڈ کو رکھا گیاہے۔
شوروم کا افتتاح مولانا یونس برماور ندوی صاحب کی دعا سے ہوا۔اس موقع پر مولانا نے اپنے خطاب میں کاروبار کو شریعت کے احکام کے مطابق کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام زندگی کے ہر مسائل نماز، روزہ،حج وغیرہ کے لئے علماء سے رجوع کرتے ہیں، مگر کاروبار اور تجارتی معاملات میں علماء سے کوئی صلاح نہیں لیتے،جس کی وجہ سے انہیں دھوکہ اور نقصانات کا سامنا کرنا پڑتاہے، مولانا نے کہ ہم اپنی زندگی بھر کی محنت سے کمائی ہوئی آمدنی زیادہ پیسوں کے لالچ میں شہر کے معتبر علماء کے منع کرنے کے باوجود فراڈ اور چور کمپنیوں پر بھروسہ کر کے اپنی زندگی بھر کی کمائی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ مولانا نے مزید کہا کہ ہم اپنا پیسہ اچھی چیزوں میں خرچ کریں، ہم اپنے مال اور پیسوں کو بیکار اور لایعنی چیزوں میں خرچ کرنے کے بجائے ایسی جگہ پر اور ایسے اداروں کے لئے دیں جس سے ہمیں آخرت میں بھی اجر وثواب ملے۔
اس موقع پر مہتمم جامعہ مولانا مقبول کوبٹے ندوی، مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے نائب صدر عنایت اللہ شاہ بندری، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے سابق جنرل سکریٹری مولوی عبد الرقیب یم جے ندوی و دیگر عمایدین شہر موجود تھے۔