بنگلورو۔19جولائی(عبدالحلیم منصور؍ایس او نیوز) ریاستی وزیر داخلہ اور کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا ہے کہ ڈی ایس پی کلپا ہنڈی باگ کی خود کشی کے پیچھے سنگھ پریوار کی تنظیم بجرنگ دل کا ہاتھ ہے۔آج کے پی سی سی دفتر میں وزیر اعلیٰ سدرامیا کے ہمراہ ایک اخباری کانفرنس سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہاکہ ابتدائی جانچ سے یہی شواہد سامنے آئے ہیں کہ کلپا ہنڈی باگ کی خود کشی کے معاملے میں سنگھ پریوار سے وابستہ بجرنگ دل کے لوگ شامل ہیں۔ ان لوگوں نے ہنڈی باگ کیلئے ایسے حالات پیدا کئے کہ مجبور ہوکر انہوں نے خود کشی کرلی۔اس معاملے کی جانچ کرتے ہوئے پولیس نے بجرنگ دل کے دو کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے، اور ایک مفرور ملزم پروین کھانڈیا کی تلاش جاری ہے۔اس گرفتاری کے ساتھ ہی معاملے کی سچائی سامنے آئے گی۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ پولیس افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس معاملے کی جانچ سختی اور تیزی سے کی جائے۔ ڈی وائی ایس پی انوپما شینائی کے استعفیٰ کے بارے میں پرمیشور نے کہاکہ ان پر عہدہ چھوڑکیلئے کوئی دباو کسی حلقہ سے نہیں تھا، لیکن بی جے پی اس پر بھی گندی سیاست کرنا چاہتی ہے۔ ہنڈی باگ کی خود کشی کے معاملے میں پرمیشور نے کہاکہ سی آئی ڈی اس معاملے کی جانچ میں لگی ہوئی ہے۔